امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر شدید سمندری طوفان نے مشرقی ساحلی ریاستوں میں نظامِ زندگی مفلوج کردیا۔ طوفانی ہواؤں، موسلادھار بارش اور سیلاب کے باعث تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ فضائی اور زمینی سفر بھی شدید متاثر ہوا۔
طوفان کے باعث 500 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے بڑے ایئرپورٹس متاثر ہوئے جبکہ ریگن ایئرپورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا اور لاگارڈیا ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور پر روک دی گئیں۔
شدید ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گر گئے جس سے پنسلوینیا، نیو جرسی، میری لینڈ، ورجینیا اور نیویارک سمیت کئی ریاستوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
خراب موسم کے باعث نیویارک کی مشہور میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار ملتوی کردی گئی۔ نیویارک اور نیو جرسی میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، جبکہ سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
دوسری جانب ریاست مسوری میں شدید برف باری اور کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں بلند سمندری لہروں نے بھی خطرے کی صورتحال پیدا کردی، جس کے باعث بعض ساحلی علاقوں کو خالی کروا لیا گیا۔