صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان لاہور میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت مختلف انتظامی و آئینی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں اس ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک تھے۔
تقریباً 35 منٹ تک جاری رہنے والی اس بیٹھک کے دوران سسٹم ری سیٹ، نئے صوبوں کے قیام اور نئے انتظامی یونٹس تشکیل دینے سے متعلق مجوزہ تجاویز پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں ملک میں امن و امان کی صورتحال، خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ یا توسیع اور دیگر اہم سیاسی معاملات بھی زیر بحث آئے۔
مشاورت کے اختتام پر صدر مملکت آصف علی زرداری وزیر داخلہ کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔