شہر قائد میں آج شام ایک سیاسی جماعت کی جانب سے منعقد کی جانے والی ریلی کے پیش نظر انتظامیہ نے ریڈ زون میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کر لیے ہیں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون اور اس کے اطراف کے راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے گورنر ہاؤس سے میٹروپول تک کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ فوارہ چوک پر ہونے والی اس ریلی کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ریلی کے دوران پی آئی ڈی سی روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ عبداللہ ہارون روڈ اور اس سے منسلک دیگر سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی زحمت اور ٹریفک جام سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔