نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کا 26اپریل کو پیپلز پارٹی کے جلسہ میں خاموش احتجاج کرنیکا فیصلہ

image

گذشتہ 33ماہ سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کی تنظیم نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی نے 26اپریل کولیاری میں ہونیوالے پیپلز پارٹی کے جلسہ عام میں خاموش احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ حکمران طبقہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہے جس کی وجہ سے ہزاروں اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ تنخواہیں نہ ملنے پر کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔ پیر کے روز اپنے ایک بیان میں نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابوبکر ابڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور میں بھرتی ہونیوالے ہزاروں اساتذہ و غیر تدریسی عملہ 26اپریل کوککری گراؤنڈ کے باہر اصل آفر آرڈر لیکر جمع ہوں گے اور اپنے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کے بارے میں جلسہ کے شرکاء سمیت پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کو آگاہ کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مزار قائد پر 18اکتوبر بلاول بھٹو کے جلسہ عام میں بھی پر امن احتجاج ریکارڈ کرانے کی کوشش کی تھی لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمارے پیچھے اس طرح لگے رہے کہ شاید جیسے ہم کوئی عادی مجرم ہوں جس کے باعث پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت تک ہم سچائی نہیں پہنچا سکیں ۔ابوبکر ابڑو نے کہاکہ علامتی خاموش احتجاج میں اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے لئے رابطے جاری ہیں امید ہے کہ حکومت ہمارے پر امن احتجاج کو پر تشدد نہیں بنائے گی بلکہ ہمارے مسائل پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرے گی ۔ابوبکر ابڑو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں بھرتی ہونیوالوں کو پیپلز پارٹی ہی کے لوگ جعلی بھرتی قرار دے رہے ہیں اس سے بڑی ستم ظریفی ہمارے ساتھ اور کیا ہوگی ہم بوگس بھرتیوں کی حمایت نہیں کرتے لیکن اصل حقدار کواس کے حق سے محروم رکھنا بھی درست نہیں۔


About the Author:

تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts