اسلام آباد، 12 جون 2015: پاکستان میں امریکی
سفارتخانے کے ناظم الامور تھامس ویلیمز نے فل برائٹ سکالر شپ پروگرام کے تحت 147
پاکستانی طلبہ کو وظائف حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ 2015 کے فل برائٹ گروپ میں
شامل طلبہ کا تعلق ملک کی 33 یونیورسٹیوں سے ہے اور ان میں سے 46 فیصد خواتین ہیں۔
یہ طلبہ امریکہ کی 70 یونیورسٹیوں میں مختلف شعبوں بشمول انجینئرنگ، توانائی کی
مینجمنٹ، بزنس اور سماجی علوم میں تعلیم حاصل کریں گے۔
پاکستان میں امریکہ کی تعلیمی فاؤنڈیشن (یو ایس ای ایف
پی) کی جانب سے فل برائٹ پرگرام پر امریکہ جانے والے طالب علموں کے لیے امریکہ
روانگی سے قبل وہاں سے واقفیت حاصل کر نے کے لیے تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں
امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور تھامس ویلیمز نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان
عوامی روابط کو مستحکم کرنے کے حوالے سے کہا کہ،’ پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں فل
برائٹ پروگرام میں امریکی حکومت کی امداد سب سے زیادہ کی جاتی ہے۔‘ انہوں نے مزید
کہا کہ، ’امریکہ جا کر آپ پاکستان کی ثقافت اور معاشرے کے سفیر ہوں گے۔ آپ امریکہ
میں اور واپس آنے کے بعد پاکستان میں بھی لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائیں
گےـ ‘
فل برائٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور
دنیا کا معتبر ترین پروگرام ہے۔ یہ پروگرام گزشتہ 65 برس سے پاکستان میں یو ایس ای
ایف پی کے تحت چلایا جا رہا ہے ۔ 2005 سے اب تک 1537 پاکستانی فل برائٹ پروگراموں
کے تحت تعلیم، تحقیق، تدریس اور انتظامی شعبوں میں ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔ اس
وظیفے کے تحت دوران تعلیم سفر، جیب خرچ، صحت کا بیمہ اورمکمل ٹیوشن فیس کے اخراجات
برداشت کیے جاتے ہیں۔
فل برائٹ پروگرام کا شمار امریکی حکومت کے اعلیٰ ترین
تعلیمی تبادلہ پروگراموں میں ہوتا ہے۔ 1946 سے اب تک فل برائٹ پروگرام نے 180
ممالک سے تعلق رکھنے والے 3 لاکھ 60 ہزار طلبہ کو تحقیق کرنے، اپنی صلاحیتوں کو
برؤے کار لانے، تدریس کرنے اور اپنے معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے بے پناہ
مواقع فراہم کیے ہیں۔ یوایس ای ایف پی، دوملکی کمیشن ہے جس کو 1950میں حکومت
پاکستان اور امریکی حکومت نے قائم کیا تھا۔ اس وقت دنیا بھر میں 51 فل برائٹ
کمیشنز میں سے یہ ایک ہے۔۔ اپنے قیام سے اب تک یوایس ای ایف پی کے زیر انتظام
تبادلہ پروگراموں کے تحت لگ بھگ 5000 پاکستانی اور 900 سے زائد امریکی مستفید
ہوچکے ہیں۔ اس کا مقصد تعلیمی اور ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے پاکستان اور
امریکہ کے عوام کے مابین باہمی ہم آہنگی کوفروغ دینا ہے۔ فل برائٹ پروگرام کےعلاوہ
یو ایس ای ایف پی انڈرگریجویٹ، اساتذہ ، صحافیوں اور دیگر پیشہ ور افراد کے لیے
متعدد وظائف کے پروگرام چلا رہا ہے۔