راولپنڈی (نیٹ نیوز) بصری تربیت گاہ مناسک حج و عمرہ F-765سید پور روڈ ، کالج چوک ، سیٹلائیٹ ٹاؤن ، راولپنڈی میں عازمین حج کیلئے مناسک حج کی سمعی و بصر ی تربیت کا پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں راولپنڈی، اسلام آباد اور گردو نواح کے گورنمنٹ سکیم اور پرائیوٹ سکیم کے عازمین حج کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر طارق محمو د نے عمرہ کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جو عازمین حج بغیر تربیت لئے جاتے ہیں وہ اپنے ساتھ اور اپنے حج کے ساتھ بہت زیادتی کرتے ہیں اور ایسے حاجی صاحبان واپس آکربلا مبالغہ اسکا اقرار بھی کرتے ہیں اور بہت پشیمان رہتے ہیں ۔ ڈاکٹر طارق محمو دنے مناسک عمرہ اور احرام باندھنے کا طریقہ عملی طور پر سکھایا ۔ڈاکٹر خالد محمود نے حج کا فلسفہ ، فضیلت ، فرضیت او رحج کے پانچ دنوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ آفتا ب احمد طارق نے زیارت مدینہ منورہ پر لیکچر دیا ۔ مسز ڈاکٹر خالد اور مسز ڈاکٹر طارق نے خواتین عازمین حج کو ایک علیحدہ نشست میں خواتین کے مخصوص مسائل پر بریفنگ دی ۔ دوران تربیت عازمین حج میں حج لیٹر یچر اور کتابچہ ترتیب حج بلامعاوضہ تقسیم کیا گیا۔ تربیت کے یہ پروگرام ہر اتوار کو صبح 9بجے منعقد ہوا کریں گے اور آخری حج فلائٹ کی روانگی تک جاری رہیں گے ۔ یہ تربیت بلا معاوضہ دی جاتی ہے ۔ مزید معلومات کیلئے فون نمبر0333-5207070پر کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔