سٹاک ہوم( عارف کسانہ؍نمائندہ خصوصی) گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی سٹاک ہوم میں بسنت میلہ منعقد ہوا۔ سٹاک ہوم کے جنوبی علاقہ ہالندا میں ہونے والے اس بسنت میلہ میں عوام کی ایک بڑی تعدا د نے شرکت کی جن میں بھارتی پنجاب اور سویڈش عوام بھی شامل تھے۔ آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے خوبصورت سماں پیش کررہا تھا۔ بارش سے بھی شرکاء کا جوش وخروش کم نہ ہوا اور خواتین اور بچے بسنت میلے سے لطف اٹھاتے رہے۔ میلہ میں بہت سے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیے گئے جن میں رسہ کشی، گانوں کا مقابلہ ، رقص و موسیقی اور دیگر سرگرمیوں شامل تھیں۔ سہیل صفدر، محمد فاروق، تصدق حسین اور بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والیوں نے گانے اور روایتی گیت پیش کیئے۔سلمان نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔ بسنت میلہ کے منتظم خواجہ مقصود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بسنت میلہ اب یہاں کا اہم ثقافتی تہوار بن گا ہے۔ سویڈش پارلیمنٹ کے رکن مسٹر سرکان نے اس کوشش کو سراہا اور کہا کہ اس میلہ سے دوسرے ممالک کے لوگوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ پاکستانی سفارت خانہ کے منسٹر نجیب درانی نے میلہ کے انعقاد ہر اظہار تحسین کیا اور کہ اس طرح کے میلے آپس میں مل بیٹھنے کے ساتھ پاکستانی ثقافت کے فروغ کا باعث ہیں۔ سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلہ مین پاکستانی عوام کے ساتھ دیگر ممالک کے لوگوں کی شرکت قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہ مستقبل میں اس میلہ کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ سفیر پاکستان نے تمام شرکاء کو یوم آزادی کے حوالے سے سفارت خانہ کے تحت ہونے والی خصوصی تصویری نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ یہ نمائش ۱۵ اگست کو عراقی ثقافتی مرکز سلوسن میں منعقد ہوگی ۔