گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔ان خیالات کا اظہار
ڈاکٹر امجد حسین ایڈووکیٹ نے پاکستان سٹدی گروپ آن فیدڑلزم کے زیر اہتمام قائداعظم
یونیورسٹی میں ایک سیمینار میں کیا۔ سیمینار کا موضوع شراکتی فیڈرلزم اور شہری قوت
سازی تھا۔ انھوں نے مزید فرمایا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی بنیاد حقوق سے دوری ان
کے ساتھ امتیازی سلوک کا واضح ثبوت ہے جس کی تلافی کے بغیر پاکستان میں فیڈریشن کی
توانائی اور اثر انگیزی سوالات کا شکار رہے گی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہریوں کی سیاسی عمل میں عدم شرکت
پاکستان میں پسماندگی کی اہم ترین وجوہات میں سے ایک ہے۔ انھوں نے تاسف کا اظہار
کرتے ہوئے کہا کہ اگر گلگت اور بلتستان کی پاکستان کے آئینی نظام میں بھرپور شرکت
اور نمائندگی ہو تی تو گلگت اور بلتستان کے عوام اپنے علاقے کی ترقی کے لیے مناسب
کردار ادا کرنے کے قابل ہوتے۔ انھوں نے مزید فرمایا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے
اکیاون منصوبوں میں ایک بھی گلگت بلتستان کے لیے مختص نہیں جو کہ نا انصافی اور
ناروائی کی واضح مثال ہے۔
اسی سیمینا ر میں موجود معروف صحافی روف کلاسرا نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ
فیدڑیشن کی مضبوطی
لوکل سطح پر حکومتی اور سماجی امور میں عوام کی شمولیت سے مشروط ہے۔ صوبائی سطح پر
آمریت قائم کرنے سے عوامی شرکت اور شمولیت کے نام پر سیاستدان عوام کا استحصال کرتے
رہیں گے۔ انھوں نے بنیادی سطح پر جمہوریت کے قیام اور سیاسی عمل میں عوام کی شرکت
کی اشد ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے اقتدار کے ذریعے کاروبار کرنے والے سیاستدانوں کے پاکستان کے مسائل کے حل
کرنے کی صلاحیت پر شک کا اظہار فرمایا اور تزویراتی کشمکش میں مصروف حلقوں کی عوام
کی بہبود کو اہمیت دینے کی قوت سے ناامیدی ظاہر کی۔
سیمینار کے اختتام سے پہلے خطاب کر تے ہوئے پاکستان سٹدی گروپ آن فیڈرلزم کے سربراہ
ڈاکٹر ساجد اعوان نے کہا کہ شراکتی فیڈرل ازم اور جمہوری عمل میں شامل عوام اور ان
کے نمائندے ہی پاکستان میں جمہوری ترقی اور سیاسی استحکام کی امید ہیں۔ انھوں نے
مزید کہا کہ رضائے عوام اور سیاسی عمل میں عوام کی شمولیت اور شرکت ریاستی عمل داری
کی مضبوط ترین ضمانت ہے۔ اس کے لیے انھوں نے دنیا کی کامیاب ترین ریاستوں جیسے
ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور سوئٹزر لینڈ کی مثالیں دیں جہاں عوام زندگی کی ہر سطح
پر ریاستی امور میں شامل ہیں اور یہ ریاستیں اس عوامی شمولیت اور شرکت سے بھرپور
فائدہ اٹھاتی ہیں۔