سنگاپور(ویب ڈیسک) ایئرپورٹس پر صبرآزما مرحلہ سکیورٹی
چیکنگ کی لمبی قطاروں میں کھڑے ہونا ہوتا ہے مگر اب ماہرین نے مسافروں کو
اس زحمت سے بچانے کا اہتمام کر لیا ہے۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے
مطابق ماہرین نے ایسے سکینر ز(Scanners)تیار کر لیے ہیں جو محض ڈیڑھ سیکنڈ
میں ایک مسافر کی چیکنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان سکینرز سے گزارنے
کے لیے لیپ ٹاپ و دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کو بیگ سے بھی نہیں نکالنا پڑے
گا۔رپورٹ کے مطابق ان سکینرز کی آزمائش سنگاپور کے چنگی (Changi)ایئرپورٹ
پر ٹرمینل 3کے 2بورڈنگ گیٹس پر کی جا رہی ہے۔ اگر آزمائش کامیاب رہی تو پھر
انہیں دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر نصب کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ان سکینرز میں سی ٹی سکین کی طرز پر مسافروں کے ہاتھ میں
اٹھائے ہوئے سامان کو کھولے بغیر بیگز کے اندر کی تصویر لینے اور چیک کرنے
کی صلاحیت موجود ہے۔یہ ٹیکنالوجی سپیشل ایکسرےز ٹیکنالوجی سے مشابہ ہے جو
انسانی جسم میں کینسر کی تشخیص کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ سکینرز بیگز
کے اندر موجود اشیاءکے تھری ڈی خاکے بنا کر سکرین پر دکھا دیں گے جہاں ان
ڈیوائسز کے اندر تک دیکھنا ممکن ہو گا۔ موجود سکینرزایسی ڈیوائسز کی صرف دو
رخی تصویر دکھاتے ہیں جس سے ان اشیاءکے اندر جھانکنا ممکن نہیں ہوتا۔ان نئے
سکینرز کے آنے سے ان طشتریوں(Trays)کی ضرورت بھی نہیں رہے گی جن میں سامان
رکھ کر موجودہ سکینرز سے گزارا جاتا تھا اور ان طشتریوں کو واپس ان کی جگہ
پر رکھنے کے لیے سٹاف کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔اس سے جہاں وقت کی بچت ہو
گی وہیں بہت سا پیسہ بھی بچے گا۔
اس کے علاوہ ان سکینرز سے ایک ہی وقت میں دو مسافر بھی گزر سکتے ہیں جس سے
وقت کی مزید بچت ہو گی۔ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ
”ان نئے سکینرز کے آنے سے چیکنگ کے لیے درکار وقت میں ڈرامائی حد تک کمی
واقع ہو گی۔ اس ہینڈ بیگ سکینر کے ساتھ ساتھ سنگاپور ایئرپورٹ پر نئے باڈی
سکینر کا تجربہ بھی کیا جا رہا ہے جو موجودہ سکینرز کی نسبت مسافروں کا
کہیں بہتر خاکہ سکرین پر دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ایل 3پرو ویژن 2(L3
ProVision 2) باڈی سکینر میں ملی میٹر ویو(Millimeter wave)ٹیکنالوجی
استعمال کی گئی ہے۔ یہ سکینر محض 1.5اسیکنڈ میں ایک مسافر کی چیکنگ کر سکتا
ہے۔ یہ اسلحے، دھماکہ خیزمواد، دھاتوں، مائع، جیلی کی طرح کے مواد، پاورز،
پلاسٹک اور مٹی کی بنی اشیاء، برتن وغیرہ کا سراغ لگا سکتا ہے۔ اس سکینر کے
ذریعے ایک گھنٹے میں 300مسافروں کی چیکنگ کی جا سکتی ہے۔