مودی نے کشمیر میں آرٹیکل 370 ختم کر کے اچھا کیا: الطاف حسین

Getty Images

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین نے ایک نجی انڈین ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں انڈین حکومت کی جانب سے کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

منگل کے روز ریپبلک ٹی وی پر اینکر اوناب گوسوامی کو براہِ راست انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم مودی کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں کیونکہ انھوں نے ایسا کر کے ’کشمیر کی ماؤں اور بیٹیوں کو بچا لیا ہے۔۔۔ پاکستان میں جو کشمیر ہے وہاں لوگ آزاد نہیں ہیں‘۔

یاد رہے کہ حال ہی میں الطاف حسین نے ایک حالیہ تقریر میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی تھی کہ انھیں اور ان کے ساتھیوں کو سیاسی پناہ دی جائے۔ الطاف حسین کا موقف ہے کہ چونکہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق انڈیا سے تھا لہذا انھیں انڈیا میں رہائش کی اجازت دی جائے۔

ادھر اکتوبر میں لندن میں سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے الطاف حسین پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔ اس موقعے پر میٹروپولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چھیاسٹھ سالہ الطاف حسین کے خلاف مقدمہ دہشتگردی کی معاونت کے الزام میں ٹریزازم ایکٹ 2006 کی سیکشن 1 (2) کے تحت درج کیا گیا۔

یہ مقدمہ الطاف حسین کے 22 اگست 2016 کو کراچی میں ایک مجمع سے خطاب کی بنیاد پر کیا گیا جسے پولیس کے مطابق بعض یا تمام لوگ بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر دہشتگردی کی ترغیب، اس کی تیاری اور دہشتگرد ی کی کارروائی پر مائل کرنے کی کوشش سمجھ سکتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران الطاف حسین نے پاکستانی حکومت پر متعدد الزامات بھی لگائے۔ انھوں نے پاکستانی فوج کے اعلیٰ افسران پر بدعنوانی کے الزامات لگائے اور کہا کہ وہ پاکستان نے جاگیردارانہ نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران انھوں نے انڈیا کا قومی نغمہ 'سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا' بھی گایا۔ گزشتہ ماہ بھی ان کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ یہی گانا گا رہے تھے۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.