بالی ووڈ انڈسٹری کے 34 سالہ نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر کو اچانک خودکشی کی، اور اس خبر نے بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کو شدید غم میں مبتلا کردیا۔
سشانت سنگھ راجپوت بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں رہائش پزیر تھے اور وہاں اپنے کچھ دوستوں اور ملازمین کے ساتھ رہنے کے باوجود بھی انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
تفتیش کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے ان کی طرف سے لکھا جانے والا کوئی آخری خط نہیں ملا، تاہم پولیس کو ان کی رہائش گاہ سے ان کے علاج و معالجے کے دستاویزات ملے ہیں جن سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ وہ ذہنی دباؤ (ڈپریشن)کا علاج کروا رہے تھے۔
اداکار کے قریبی دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے، تاہم کورونا لاک ڈاؤن کے باعث ان کی پریشانی میں اضافہ بڑھ گیا تھا۔
اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ہفتے اس وقت مایوسی کا شکار ہوگئے جب ان کی 28 سالہ سابقہ مینیجر ڈیشا سالین نے بھی گھر کی عمارت سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکاری سشانت سنگھ اپنے تین بیڈ رومز پر مشتمل فلیٹ میں 2 باورچیوں اور ایک دھوبی کے ہمراہ رہتے تھے، تاہم 13 اور 14 جون کی شب ان کی رہائش گاہ پر ان کے قریبی دوست بھی رہنے کے لئے آئے۔
رپورٹ کے مطابق 14 جون کے دن سشانت سنگھ راجپوت کے فلیٹ پر ان سمیت 5 افراد موجود تھے اور اداکار 14 جون کی صبح 10 بجے نیند سے سوکر اٹھے تو خاموش دکھائی دئے۔
اداکار کی ذہنی حالت، ان کی زندگی اور ان کی جانب سے گزارے گئے آخری ڈھائی گھنٹے کے حوالے سے بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے سے ان کے قریبی ذرائع نے بات کی۔
اداکار کے قریبی دستوں کی جانب سے بتائی گئی باتوں سے اشارہ ملتا ہے کہ سشانت اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے سے قبل کتنے خاموش اور خود کو اکیلا محسوس کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے صبح 10 بجے جوس بنا کر پیا اور اس کے بعد وہ اپنے کمرے میں چلے گئے اور اندر سے انہوں نے دروازہ بند کرلیا۔
ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کے مطابق سشانت سنگھ کے کمرے کا دروازہ کافی دیر تک بجایا گیا لیکن انہوں نے دروازہ نہیں کھولا جس پر فلیٹ میں موجود تمام افراد ان کے دروازے کے پاس جمع ہوگئے اور انہوں نے چابی بنانے والے کو بھی بلالیا۔
ساتھ ہی اداکار کے ساتھ فلیٹ میں موجود افراد نے پولیس کو اطلاع کردی تھی اور پولیس کی مدد سے تمام افراد نے ساڑھے 12 سے 12 بج کر 45 منٹ کے درمیان کمرے کا دروازہ توڑا تو انہوں نے دیکھا کہ سشانت سنگھ نے خود کو پھانسی دے کر خودکشی کرلی۔
پولیس نے اداکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا جب کہ اداکار کی خودکشی کی خبر سنتے ہی درجنوں مداح ان کے گھر کے باہر جمع ہوگئے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے اچانک خودکشی کئے جانے پر بھارتی وزیر اعظم سمیت اعلیٰ سیاسی، سماجی و فلمی شخصیات سوگ میں مبتلا ہوگئی ہیں۔