معروف پاکستانی شوبز اداکار عدیل چوہدری کا شمار پاکستان کے انتہائی باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے۔ جب اداکاری کی بات آئے تو عدیل چوہدری اپنے فن سے بہت اچھی طرح واقف ہوتے ہیں۔ وہ اداکار ہونے کے ساتھ ایک اچھے گلوکار بھی ہیں۔
عدیل چوہدری میں بہت سی صلاحیتیں موجود ہیں، وہ اداکار اور گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ ڈینٹسٹ کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں اور ان دنوں وہ پائلٹ بننے کی پڑھائی بھی حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عدیل چوہدری کئی بالی ووڈ فلموں کے لئے گانے بھی گا چکے ہیں۔
اداکار عدیل چوہدری نے ایک پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بھی کام کیا اور جب ان کی بھانجی کی شادی ہوئی تو میں نے وہاں گلوکاری بھی کی۔ اس دوران عدیل کو بھارتی نامور اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ اچھی گفتگو
کرنے کا موقع ملا۔
انٹرویو کے دوران عدیل چوہدری نے بتایا کہ امیتابھ بچن سے ملاقات کے دوران گفتگو ہوئی تو انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان آنے کے بہت خواہشمند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن نے مجھے بتایا کہ ان کی والدہ لائل پور جو اب فیصل آباد ہے کی رہنے والی تھیں اور اب وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں اور اپنے آباؤ اجداد کے لوگوں سے ملاقات کرنے کے ساتھ یہاں آکر سب دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ عدیل چودھری سرحد پار اداکار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ تین ٹیلی ویژن اشتہاروں میں بھی کام کر چکے ہیں۔