صرف ایسا نہیں ہے کہ حادثہ چلتے پھرتے، فٹ پاتھ پر، موٹر سائیکل، گاڑی پر سوار عام پبلک کے ساتھ پیش آئے بلکہ حادثہ کسی کے ساتھ کسی بھی وقت رونما ہوسکتا ہے چاہے آپ کوئی بڑی شخصیت ہی کیوں نہ ہوں۔
یہ یقین کرنے کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ مشہور شخصیات بھی ہماری طرح ہی ہوتی ہیں۔ بلکہ انہیں شوٹنگ کے دوران آئے روز حادثات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
آئیں ہم جانتے ہیں کہ بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی وہ 5 مشہور ترین شخصیات جنہوں نے خطرناک حادثات کا مقابلہ کیا اور زندگی نے انہیں دوسرا موقع دیا۔
1- ورون دھون
بالی ووڈ انڈسٹری کے نوجوان اسٹائلش اداکار ورون دھون ایک کار ڈرائیونگ کی شوٹنگ کے دوران خوفناک حادثے کا شکار بن چکے ہیں۔ ورون دھون فلم کولی نمبر 1 کے اسٹنٹ ایکشن سین کی عکس بندی کے دوران ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے تھے۔ یہ فلم ان کے والد ڈیوڈ دھون کی ہدایت کاری میں بن رہی تھی۔
دراصل ہوا یوں کہ اداکار ورون دھون پہاڑی سے لٹکی ہوئی ایک کار کے اندر پھنس گئے تھے جس کے باعث گاڑی کے دروازے بھی جام ہوگئے تھے۔ لیکن انہوں نے حوصلہ مندی سے کام لیا اور حادثے سے بچ گئے۔
2- ہیما مالینی
بھارتی فلموں کی لیجنڈ اداکارہ ہیما مالینی ہولناک حادثے کی زد میں آچکی ہیں. واقعہ اس طرح پیش آیا کہ وہ بھارت کے شہر آگرہ سے جے پور جارہی تھیں کہ راجستھان میں داوس کے قریب اچانک ان کی گاڑی آلٹو کار سے ٹکرا گئی جس کے بعد انہیں کافی گہری چوٹیں آئیں۔ اداکارہ کو ہنگامی طور پر اسپتال میں منتقل کرایا گیا۔
3- جان ابراہم
ایکشن سے بھرپور فلموں کا ذکر کیا جائے تو اداکار جان ابراہم کا نام سر فہرست شامل ہوتا ہے۔ ان کی فلم شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا کے ایک سین میں اداکار انیل کپور نے انہیں گولی مارنا تھی۔ شوٹنگ کے دوران بندوق سے شاٹ 15 میٹر کے فاصلے سے فائر کرنا تھا لیکن غلطی سے انہوں نے 1.5 میٹر سے فائر کردیا تھا جس کے بعد گولی ان کی گردن کو چھوتی ہوئی آگے نکل گئی جس سے ان کی جان تو بچ گئی مگر وہ کافی زخمی ہوگئے تھے۔
4- ایشوریا رائے
بالی ووڈ کی نامور اور خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے نے کئی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور لمبے عرصے تک فلمی صنعت میں ان کا راج رہا۔ بد قسمتی سے ایشوریا رائے بھی دیگر اداکاروں کی طرح حادثے کا شکار بن چکی ہیں۔
ان کی فلم خاکی کی شوٹنگ کے دوران، ایک جیپ ان کی جانب آرہی تھی اور ان سے تقریباً 20 فٹ کے فاصلے پر جیپ رک گئی۔ لیکن ہوا کچھ یوں کہ جیپ کا بریک ناکام ہوگیا، اور وہ آگے بڑھتے ہوئے اداکارہ سے ٹکرائی جس کے بعد وہ قریبی جھاڑیوں میں جا گریں۔ حادثے کے فوراً بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
5- سیف علی خان
اداکار سیف علی خان اپنی فلم 'کیا کہنا' میں ڈرائیونگ سین کر رہے تھے۔ لیکن اس منظر کی شوٹنگ کے دوران اچانک سیف علی خان کا سر تیزی کے ساتھ ایک چٹان سے ٹکرایا۔ صورتحال کافی تشویشناک ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کے سر پر 100 ٹانکے آئے۔