بریسٹ کینسر کا شکار پاکستان کی ہر دل عزید اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے کینسر کا مقابلہ کر کے اسے شکست دے دی۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے ٹوئٹس کے ذریعے مداحوں کو اپنی طبیعت کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا اور مداحوں کی بے پناہ سپورٹ اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ ان کی زندگی میں کیموتھراپی کا مرحلہ کسی جنگ کی طرح تھا، لیکن انہوں نے اللہ کی مدد سے درد اور تکلیف کو صبر اور حوصلے سے برداشت کیا۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں مداح کو جواب دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ آخر کار انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ وہ اب بھی شدید کمزوری اور گھبراہٹ محسوس کرتی ہیں، لیکن مداحوں کے پیار بھرے حوصلہ افزاء پیغامات انہیں ہمت اور حوصلہ دلاتے رہتے ہیں کہ اچھا وقت دور نہیں۔
اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں نادیہ جمیل نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ براہِ کرم سب میرے لئے دعا کریں کہ میں کچھ کھا لوں ، کیموتھراپی کے بعد سے کچھ نہیں کھایا، گزشتہ ایک ہفتے سے صرف ایک سیب اور آدھی ڈبل روٹی کھائی ہے۔
نادیہ جمیل مارچ میں کینسر کی تشخیص کے بعد سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔