بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، بالی ووڈ کو لاتعداد ہٹ فلمیں دینے والے کنگ خان کی آج کل ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنی شادی کے فوراً بعد کا ایک قصہ سنا رہے ہیں۔
شاہ رخ خان ویڈیو میں بتا رہے ہیں کہ شادی سے قبل میں نے اپنی ہونے والی اہلیہ گوری خان سے کافی وعدے کیے تھے، میں نے ان کو کہا تھا کہ شادی کے بعد میں آپ کو پیرس لے کر جاؤں گا، آئیفل ٹاور دکھاؤں گا۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ شادی کے اس وقت میں کافی غریب تھا جبکہ گوری کا تعلق مڈل کلاس فیملی سے تھا لیکن گوری نے پیرس نہیں دیکھا ہوا تھا۔ میرے پاس نہ پیسے تھے نہ ہی جہاز کا ٹکٹ۔
انہوں نے بتایا کہ اتفاق سے شادی کے 10 یا 15 دن بعد میری فلم راجو بن گیا جینٹلمین کے ایک گانے کی شوٹنگ کے لیے ہم بھارت کے شہر ڈارجیلنگ گئے، تو مجھے ایسا لگا کہ گوری بھی کبھی باہر نہیں گئی تو میں گوری کو پیرس کا کہہ کر ڈارجیلنگ لے گیا۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان شمار بالی ووڈ انڈسٹری کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اس انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لیے شدید محنت کی، کنگ خان جب بالی ووڈ انڈسٹری میں آئے تو اس وقت ان کے مالی حالات بالکل ٹھیک نہ تھے، لیکن دن بدن محنت کر کے انہوں نے اپنے وہ مقام بنایا جس کے اداکار خواب دیکھتے ہیں۔