پاکستان شوبز کے سینئر اور ہالی ووڈ کے نامور اداکار جان ریمبو سے مشابہت رکھنے والے پاکستانی اداکار افضل خان کا تعلق لاہور سے ہے۔ پاکستان ٹیلی وژن سے نشر ہونے والے مقبول ترین ڈرامے گیسٹ ہاؤس سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے افضل خان کی زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ آئے مگر کئی محنت اور لگن سے آج ان کا شمار ملک کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔
ایک یوٹیوب چینل پر انٹرویو کے دوران جس میں ان کی اہلیہ صاحبہ میزبان تھیں، انہوں نے بتایا کہ اپنی اہلیہ کو کن مشکلات میں گھر خرید کر تحفے میں دیا۔
افضل خان کے مطابق انہوں نے جب نشو جی سے صاحبہ کا ہاتھ مانگا تو انہوں نے یہ شرط رکھی کہ وہ انہیں صاحبہ کا رشتہ اس وقت دیں گی جب کہ وہ صاحبہ کے لئے الگ گھر بنائیں گے۔ اس وقت افضل خان کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔
ان کا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے بہت مشکلوں سے صاحبہ کے لئے گھر بنانا شروع کر دیا تھا اور اس کے لئے انہوں نے 6 سال محنت کی تھی۔ یہاں تک کہ ان کے پاس پیسے کم پڑ گئے اور مالی طور پر بھی اداکار افضل خان کمزور ہو چکے تھے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اس کام کے لئے انہوں نے اداکارہ ریما خان سے قرضہ مانگا جنہوں نے انہیں گھر بنانے کے لیے دو لاکھ دیے اور اس طرح انہوں نے شادی سے قبل گھر صاحبہ کو تحفے میں دیا تب ان کی شادی ممکن ہو سکی۔