شادی کی بات کچھ دنوں سے نہیں بلکہ کئی مہینوں سے چل رہی تھی! ''مجھے سارہ نے بتایا تھا کہ اگر ان کے والد 15 منٹ سے پہلے ملاقات سے اٹھ گئے تو''۔۔۔ فلک شبیر اور سارہ خان کی شادی کیسے ہوئی؟ گلوکار فلک نے سب بتا دیا

image

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے جوڑے سارہ خان اور فلک شبیر آج کل خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، مداح اس بات پر حیران ہیں کہ ان کے رشتہ کا کسی کو پتہ نہ چل سکا اور اچانک ہی سب کچھ کیسے طے پا گیا؟ یہ بات سب کے ہی علم میں ہے کہ شادی کی بات کچھ دنوں سے نہیں بلکہ کئی مہینوں سے چل رہی تھی۔

اسی حوالے سے گلوکار فلک شبیر نے بات کی ہے، جس میں انہوں نے اپنی پہلی ملاقات اور پھر شادی تک کے سفر کا بتایا۔

فلک شبیر نے بتایا کہ ان کے اور سارہ خان کے درمیان پہلی باقاعدہ ملاقات 2019 میں ہم ٹی وی برائڈل کوچر شو میں ہوئی تھی۔ اِس ملاقات کے بعد ہی انہوں نے باقی زندگی ایک ساتھ گزارنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

فلک نے بتایا کہ مذکورہ ملاقات سے قبل ان کے اور سارہ علی خان کے درمیان سرسری ملاقاتیں ہوتی تھیں لیکن اس دن وہ تنہا بیٹھ کر چائے پی رہے تھے تو انہوں نے سارہ خان اور نور کو ساتھ میں چائے پینے کی پیش کش کی اور پھر چائے کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے بعد ان کے درمیان ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔

گلوکار کے مطابق سارہ خان اور ان کے درمیان دوسری اہم اور باضابطہ ملاقات لاہور کے ایم ایم روڈ کے ایک ہوٹل میں اس وقت ہوئی جب وہ ایک شو کرنے کے بعد فری ہوئے۔

فلک شبیر نے انکشاف کیا کہ اس روز کا کھانا ایک ساتھ کھانے کے بعد جب انہوں نے سارہ خان کو گھر چھوڑا تو انہوں نے راستے میں ہی اداکارہ کو شادی کی پیشکش کی۔

انہوں نے سارہ خان کو یہ نہیں کہا کہ وہ ان سے پیار کرتے ہیں بلکہ انہوں نے براہ راست شادی کی پیشکش کی اور سارہ خان نے اس معاملے پر والدین سے ملاقات کے لیے کہا۔

گلوکار کے مطابق کچھ دن بعد انہوں نے سارہ خان کے والد سے گفتگو کی جو 2 گھنٹے تک جاری رہی، اس سے قبل انہیں سارہ نے بتایا تھا کہ اگر ان کے والد 15 منٹ سے قبل ملاقات سے اٹھ گئے تو ان کی شادی نہیں ہوسکتی۔

فلک شبیر نے اس بات پر خوشی کا اظہار بھی کیا کہ سب کچھ ٹھیک رہا اور انہوں نے سارہ خان کے والد سے 2 گھنٹے تک ملاقات کی اور وہ ان کی اور سارہ کی شادی کے لیے راضی ہوگئے۔

اگلے مرحلے میں ان کے تمام اہل خانہ ملے اور ان کی شادی کی باتیں طے ہوئیں اور پھر کورونا کی وبا کے دنوں میں لاک ڈاؤن کی حالت میں سادگی سے ان کی شادی ہوگئے۔

فلک شبیر کے مطابق ان کی شادی میں 40 تک افراد نے شرکت کی تھی اور وہ تمام قریبی رشتہ دار اور دوست تھے۔

تاہم فلک شبیر نے بتایا کہ شادی کے بعد بھی سارہ خان کو ہر وہ کام کرنے کی اجازت ہوگی جو وہ پہلے کرتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے باوجود سارہ خان کو شوبز میں کام کرنے سے نہیں روکا جائے گا بلکہ اس کی اپنی مرضی ہوگی کہ وہ اداکاری کے علاوہ گلوکاری بھی کرتیں ہیں تو کریں۔


About the Author:

آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts