کرنے کو کچھ ہے نہیں، چلو شادی کرواتے ہیں! وہ 5 چیزیں جو پاکستان کے ہر مارننگ شو میں دکھائی جاتی ہیں۔۔۔

image

صبح 9 سے 11 بجے تک پاکستان کے زیادہ تر انٹرٹینمنٹ چینلز پر مارننگ شو دکھائے جاتے ہیں، گھر میں موجود خواتین شوہر کو آفس اور بچوں کو اسکول، کالج بھیجنے کے بعد آرام اور سکون سے ٹی وی اسکرین کے آگے بیٹھ جاتی ہیں اور اپنا پسندیدہ مارننگ شو لگا کر وقت گزارتی ہیں۔

کئی نیوز چینلز پر بھی مارننگ شوز دکھائے جاتے ہیں لیکن وہ حالاتِ حاضرہ پر ہوتے ہیں، تاہم انٹرٹینمنٹ چینلز کے مارننگ شوز کے مواد کا مقصد ناظرین کو محض تفریح فراہم کرنا ہوتا ہے۔

آئیے آج ہم آپ کو ایسی 5 چیزیں بتاتے ہیں جو ہر چینل اپنے مارننگ شو میں لازمی دکھاتا ہے۔

1) فیشن ویک

ہر مارننگ شو میں کچھ عرصہ بعد پورا ایک ہفتہ فیشن ویک کے لیے مختص کردیا جاتا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس میں ہوتا کیا ہے؟ جو خواتین مارننگ شوز دیکھتی ہیں انہیں بخوبی پتہ ہوگا کہ اس دوران کیا ہوتا ہے۔ پورے ہفتہ کا ایک ایک دن مختلف ڈیزائنرز کے لیے رکھا جاتا ہے، ماڈلز ان ڈیزائنرز کے کپڑے پہنتی ہیں اور یوں موجودہ دور کے نئے فیشن اور نئے کپڑے عوام کو دکھائے جاتے ہیں۔

2) شادی کا ہفتہ

مارننگ شوز میں شادیاں کروانے کا رواج بڑھتا ہی جارہا ہے، ہر پروگرام میں 1 یا 2 ماہ کے اندر ایک ہفتہ پورا شادی کروائی جاتی ہے۔ ایک دن مایوں، ایک دن مہندی، پھر بارات، ولیمہ۔ اب یہ شادی یا تو شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کسی بھی حقیقی جوڑے کی کروا دی جاتی ہے یا کسی ایسی لڑکی کی شادی کروائی جاتی ہے جو یتیم اور بے آسرا ہو۔ خیر یتیم اور بے آسرا کی شادی تو کم ہی دیکھنے میں آئی ہے۔ بہرحال! عوام کو اب یہ شادی ویکس کچھ زیادہ پسند نہیں ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ میزبان کو اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، جبکہ مارننگ شو ہوسٹ کے مطابق پروگرام میں شادی کے تہوار محض نئے ٹرینڈز اور نئے فیشن کو دکھانے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔

3) گھریلو ٹوٹکے

یہ خواتین کے لیے واقعی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ہر مارننگ شو میں ہفتے میں ایک مرتبہ گھریلو ٹوٹکوں کی مدد سے مختلف مسائل کا حل بتایا جاتا ہے۔ میزبان کی جانب سے چند ماہرین کو مدعو کیا جاتا ہے جو کہ گھر میں موجود آسان اشیاء کی مدد سے آپ کے بڑے مسائل حل کرنے کا بتاتے ہیں جبکہ کچھ ماہرین کو اس لیے بھی بلایا جاتا ہے کہ وہ آپ کو یہ بتا سکیں کہ اچھی طرح سے گھر کو کس طرح سجایا جا سکتا ہے؟

4) بالوں اور جلد کے مسائل

خواتین کے لیے ہر وہ مارننگ شو پسندیدہ ہوتا ہے جہاں انہیں آسان طریقوں سے اپنی جلد اور بالوں کا خیال رکھنے کا بتایا جائے۔ ہر مارننگ شو میں بالوں اور جلد کے ماہرین کو بلایا جاتا ہے اور وہ خواتین کو درپیش مسائل کے حوالے سے بتاتے ہیں۔

5) سماجی مسائل پر بات چیت

ظاہر ہے، مارننگ شو میں کچھ تو الگ بھی دکھانا ہوتا ہے۔ ہر تھوڑے دن بعد کسی نہ کسی سماجی مسئلے پر بات کی جاتی ہے اور اسی حوالے سے عوام کو آگاہی دی جاتی ہے، نفسیات کے ماہرین کو پروگرام میں بلایا جاتا ہے اور کسی بھی قسم کے مسئلے پر تفصیلی بات ہوتی ہے۔ اس قسم کے پروگرام عوام زیادہ پسند کرتی ہے، کیونکہ انہیں ایک ایسی معلومات مل رہی ہوتی ہے جو انہیں پہلے نہیں پتہ ہوتی۔


About the Author:

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.