پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی، کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور اسکواش کے بادشاہ جہانگیر خان سمیت مختلف پاکستانی شخصیات نے اپنے ہاتھوں پر نیل پالش لگا کر اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردیں لیکن ہر دیکھنے والا حیران ہے کہ انہوں نے یہ کیا فیشن شروع کر دیا ہے؟ انہوں نے آخر ایسا کیوں کیا؟
تاہم اس کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے، پاکستانی شخصیات کا یہ اقدام دراصل پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچوں پر ہونے والے جنسی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ جن شخصیات نے یہ شاندار اقدام اٹھایا ان میں سابق کرکٹر وسیم اکرم، شعیب ملک، بابر اعظم، اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، اسکواش کے کھلا ڑی جہانگیر خان، باکسر عامر خان و دیگر شامل ہیں۔
اپنے پیغامات میں ان شخصیات کا کہنا تھا کہ 'ہر سال پوری دنیا میں لاکھوں بچے کسی بالغ مرد کے ہاتھوں زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں لیکن ایسا میرے ہوتے ہوئے نہیں ہو سکتا'۔
پاکستانی ستاروں نے یہ اقدام ''دی پالشڈ مین'' نامی بین الاقوامی مہم کے تحت اٹھایا جس کا مقصد حکومتوں اور عوام میں بچوں کے خلاف بڑھتے تشدد سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
یاد رہے مذکورہ مہم کا آغاز آسٹریلیا سے 2014ء میں ہوا تھا لیکن اب دنیا بھر کے مرد اور عورتیں ہر سال 1 سے 15 اکتوبر کے درمیان اپنی ایک انگلی کے ناخن پر نیل مالش لگا کر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس آگاہی مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اداکاروں اور کرکٹرز کی تعریف کی۔
اسامہ نامی صارف نے تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ اصل ہیرو ہیں'۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ہر بچہ معصوم ہے، سب کی جان بچانی چاہیے، ہمیں آپ لوگوں پر فخر ہے۔
عائشہ نامی صارف نے کہا کہ ماشاءاللہ، آپ سب سے اچھے ہیں۔