اکثر ایسا سنا ہے کہ رات کو سوتے وقت موبائل فون اپنے قریب رکھ کر سونے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس کے اندر سے ایسی شعاؤں کا اخراج ہوتا ہے جو آپ کے دماغ کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں۔
اس کے علاوہ موبائل فون چارج پر لگا کر کال کرنے کے بھیانک انجام سے تو تمام ہی لوگ بخوبی واقف ہیں۔
اسی طرح کا ایک دل دہلا دینے واقعہ برطانیہ میں پیش آیا ہے جہاں برمنگھم سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی کو رات کے وقت بستر کے قریب اسمارٹ فون چارج پر لگانا مہنگا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ سے ایمی نامی لڑکی ایپل کمپنی کا آئی فون استعمال کرتی تھی۔
لڑکی نے بستر کے قریب اپنا موبائل چارجنگ پر لگایا اور بے خبر سوگئی کہ اس دوران زور دار دھماکے سے چارجر پھٹ پڑا، جس میں سے آگ کا شعلہ بلند ہوا۔
آگ کا شعلہ بلند ہونے کے باعث لڑکی کا چہرہ بائیں جانب سے بری طرح سے جھلس گیا۔ایمی نے بتایا کہ دھماکے کی آواز سے وہ خوفزدہ ہو کر اٹھیں تو آگ کا شعلہ چہرے کی طرف آیا۔
انہوں نے بتایا کہ چارجر پھٹنے کی وجہ سے اٹھنے والی چنگاریوں سے اُن کا چہرہ متاثر ہوا۔ ایمی نے مدد کے لیے اپنی والدہ کو طلب کیا جو بروقت کمرے میں پہنچیں اور آگ کو بجھایا۔
رپورٹ کے مطابق ایمی نے اپنے دوستوں اور دیگر صارفین کو خبردار کیا کہ وہ موبائل کو چارجنگ پر لگا کر نہ چھوڑیں اور اگر ایسا ہو بھی تو اُسے بستر سے دور رکھیں۔