برطانیہ کے مغربی علاقے مڈلینڈز سے تعلق رکھنے والے ایک بچے نے لاکھوں سال قدیم خزانہ ڈھونڈ لیا۔
خزانہ ڈھونڈنے والے بچہ کا نام سدک سنگھ جھامت ہے جو کہ اسکول کا طالبعلم ہے، اس چھوٹے بچے نے گھر کے باغیچے سے قدیم ترین خزانہ دریافت کیا ہے جو کہ سینگ کی شکل میں مرجان کا ٹکڑا تھا۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بچے کو باغیچے میں کھدائی کے دوران ہارن کورل ملا ، جو ماہرین کے اندازے کے مطابق 488 ملین سال قدیم ہے۔
تاہم خزانے کی دریافت بالکل اتفاقیہ طور پر ہوئی۔ بچے سدک سنگھ کو کرسمس پر ایک کٹ تحفے میں ملی تھی جس میں کھدائی کا سامان تھا، وہ اسی کٹ کے ذریعے باغیچے میں کیڑے نکالنے کے لیے کھدائی کر رہا تھا۔
بچے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ باغیچے میں کھدائی میں مصروف تھا کہ اس دوران اسے زمین میں کوئی سخت چیز محسوس ہوئی، وہ سمجھا کہ شاید کوئی پتھر ہوگا لیکن سدک نے کھدائی کر کے جب زمین میں دبا ایک عجیب و غریب ٹکڑا نکالا، تو وہ اسے اپنے والد وِش سنگھ کے پاس لے گیا، وہ بھی اسے دیکھ کر حیران ہو گئے۔
جلد ہی انہیں معلوم ہوا کہ وہ ٹکڑا دراصل قیمتی پتھر مرجان تھا، سدک کے والد نے بتایا کہ جب اس کی حقیقت معلوم ہوئی تو ہماری خوشی کی انتہا نہ رہی۔
جبکہ ان کا کہنا تھا کہ مزید کھدائی کے دوران وہاں سے سمندری گھونگے اور دیگر متعدد ٹکڑے بھی ملے جو فوصل کی شکل میں تھے۔ انہوں نے کہا برطانیہ قدیم زمانے میں مکمل طور پر زیر آب تھا۔