کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حرمین شریفین کے لیے رواں برس رمضان المبارک کے لیے وبا سے متعلق ایس اوپیز جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت اس سال بھی مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اجتماعی افطاری اور اعتکاف پر پابندی برقرار رہے گی۔
سعودی عرب میں مقدس مساجد کے انتظامی سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان 1442 کے لیے ایس اوپیز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مسجد الحرام میں مطاف عمرہ کا اجازت نامہ رکھنے والے متعمرین کے لیے کھولا ہوگا تاہم مطاف میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کیا ایس او پیز ہوں گی؟
٭ ہر جگہ ہینڈ سینیٹائزر موجود ہوں گے۔
٭ حرمین شریفین کی دونوں مساجد میں اعتکاف پر پابندی ہوگی۔
٭ عمرہ متعمرین کو خانہ کعبہ چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
٭ افطار دسترخوان لگانے پر پابندی ہوگی لیکن افطار پیکٹ پیش کیے جاسکیں گے۔
٭ مطاف عام عبادت گزاروں کے لیے بند رہے گا۔
٭ صرف 10 رکعت تراویح اور 3 رکعت وتر پڑھائی جائیں گی۔
٭ مکہ میں عبادت گزاروں کو صرف شاہ عبداللہ کی توسیع والے حصے، پہلی منزل اور صحن میں عبادت کرنے کی اجازت ہوگی۔
٭ آب زم زم ہر فرد کو انفرادی طور پر بوتلوں میں مہیا کیا جائے گا۔
٭ حرمین شریفین میں صرف کھجور کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ باقی ہر قسم کی خوراک تقسیم نہیں کی جا سکے گی۔
٭ حرمین شریفین کی مساجد میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
تاہم شیخ الرحمان السدیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مطاف کے صحن کا ایک حصہ عمرہ زائرین کے لیے خاص ہوگا جبکہ مسجد الحرام میں 5 مصلے ہوں گے، مشرقی صحن میں بھی نماز کے لیے صفیں قائم کی جائیں گی۔
الرحمان السدیس نے کہا ہے کہ عمرہ معتمرین کو چاہیے کہ مسجد الحرام یا مسجد نبویؐ آنے سے قبل کورونا وائرس کی ویکسی نیشن بھی کروائیں۔