چین میں 10 منزلہ عمارت صرف 28 گھنٹے 45 منٹ میں تعمیر کر دی گئی، اس 10 منزلہ عمارت کو براڈ گروپ نامی ایک کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے تعمیر کیا گیا ہے، اس عمارت کے کمرے اور گوشے پہلے ہی ایک کارخانے میں بنا لیے گئے تھے جسے بعد میں مذکورہ مقام پر ٹرکوں پر لاد کر لایا گیا اور ایک جگہ جمع کیا گیا اور پھر نٹ بولٹس سے جوڑ دیا گیا ہے۔
کنسٹرکشن کمپنی براڈ گروپ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مذکورہ عمارت کو کرینوں اور مزدوروں کی مدد سے 28 گھنٹے 45 منٹ میں کھڑا کر دیا گیا جبکہ انکا مزید کہنا تھا کہ یہ کام بھی گاڑیوں کے کارخانے جیسا ہے جس میں اسمبلی لائن پر تمام پرزے اور آلات جمع کر کے آخر میں گاڑی تیار کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ بلڈنگ کا ہر حصہ مثلاََ کمرے، بالکنی اور غسل خانے یکساں جسامت کے بنائے گئے ہیں جنہیں ماڈیول کہا جاسکتا ہے، ہر ماڈیول کا ڈھانچہ اسٹین لیس اسٹیل سے بنایا گیا ہے جس میں وائرنگ، وینٹی لیشن، آئسو لیشن اور دیگر سہولیات رکھی گئیں ہیں اور عمارت کے تمام حصوں کو جوڑنے کے بعد اس میں پانی و سیوریج کی لائینیں بھی ڈالی گئی ہیں ۔
کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس عمارت کی یہ خصوصیت ہے کہ اس عمارت کا پورا اسٹرکچر زلزلہ برداشت کر سکتا ہے اوراس عمارت کی ایک اور یہ خسوصیت ہے کہ اس کے نٹ بولٹس کھول کر اسے بکھیرا جا سکتا ہے اور پھر کسی اور مقام پر لے جا کر دوبارہ سے تعمیر بھی کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ براڈ گروپ نامی یہ کمپنی اس طرح کی عمارتیں بنانے میں ماہر ہے کیونکہ اس کمپنی نے اس سے پہلے بھی اسی طرح کی کئی عمارتیں بنائیں ہیں جن میں اسپتال، گھراور ہوٹل شامل ہیں۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اسی طرح 200 میٹر بلند عمارت بھی تعمیر کی جا سکتی ہے۔