ابھی اگرچہ موسم سرما کے آنے میں کچھ وقت باقی ہے لیکن سوئی سدرن حکام نے کراچی کے شہریوں کو سردی کے موسم میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی خبر سنادی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ 15 اکتوبر سے 15 مارچ کے دوران کی جائے گی۔ اس دوران گھروں میں یومیہ 14 سے 16 گھنٹے تک سوئی گیس موجود نہیں رہے گی البتہ دوپہر اور رات کے کھانے کی تیاری کے لئے صرف 2 سے 3 گھنٹے تک گیس فراہم کی جائے گی۔
اس شدید لوڈشیڈنگ کی وجہ بتاتے ہوئے سوئی سدرن حکام کا کہنا تھا کہ ہر سال 8 فیصد کے حساب سے گیس کے ذخائر کم ہورہے ہیں۔ اس وجہ سے آنے والے ہر سال گیس کی بندش میں اضافہ ہوگا۔ دن میں دی جانے والی گیس کا پریشر بھی کم رہے گا۔ حکام کا عوام کو مشورہ ہے کہ کھانا پکانے کے علاوہ باقی کاموں کے لئے ایل پی جی کا استعمال کیا جائے۔