اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ’زیرو ٹالرینس پالیسی‘ صرف عام شہریوں کے لیے؟

image

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آرہی ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی ہو رہا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صرف گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 112 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جو کہ اس مہم کی شِدت کو ظاہر کرتی ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ’ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر 1 ہزار 119 موٹر سائیکلیں اور 412 گاڑیاں ضبط کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کی گئیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس کے ساتھ ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر 48 ڈرائیورز کو جُرمانے بھی کیے گئے۔‘

تاہم دوسری جانب اسلام آباد کے بعض شہری اس مہم کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اکثراوقات ٹریفک پولیس ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہے۔

اسلام آباد کے رہائشی محمد حسن (فرضی نام) نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی گاڑی کا چالان ہونے کا واقعہ بتایا۔

ان کے مطابق ’ایک روز قبل وہ دفتر سے چُھٹی کے بعد واپس جا رہے تھے اور گھر کے قریب پہنچ کر انہوں نے رانگ سائیڈ سے یوٹرن لیا تو موقعے پر موجود ٹریفک وارڈن نے انہیں روک کر 1000 روپے کا چالان کیا۔‘

’اسی دوران سی ڈی اے کی ایک سرکاری گاڑی بھی رانگ سائیڈ سے آئی تو انہوں نے ٹریفک وارڈن سے مطالبہ کیا کہ اِس کا بھی چالان کیا جائے۔ ٹریفک اہلکار نے کوشش تو کی مگر اُنہیں کامیابی نہ مل سکی۔‘

شہری کے احتجاج پر وارڈن کے ساتھ اُن کی تلخ کلامی ہوگئی، اس پر وارڈن نے محمد حسن کی موٹرسائیکل بند کر دی اور ان کے خلاف دفعہ 279 تعزیرات پاکستان اور 3 ایم وی او کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

سی ٹی او ذیشان حیدر کا کہنا ہے کہ ’ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بِلاتفریق کارروائیوں کی ہدایت کی ہے‘ (فائل فوٹو: اسلام آباد پولیس)

دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) سید ذیشان حیدر کا کہنا ہے کہ ’ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ’زیرو ٹالرینس‘ کی پالیسی اپنائی گئی ہے، اور تمام اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بِلاتفریق کارروائیاں جاری رکھیں۔‘

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ ’سی ٹی او نے ٹریفک اہلکاروں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی شخص بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے سڑک پر نہ آسکے۔‘ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ’وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اسلام آباد کی سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔‘

اسلام آباد پولیس کی رپورٹ کے مطابق ’845 افراد کو لین کی خلاف ورزی، 76 کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے، 11 کو موٹرسائیکل پر تین افراد سوار کرنے جبکہ 23 کم عمر ڈرائیورز کو بھی جُرمانے کیے گئے ہیں۔

اسی مہم کے دوران 923 افراد کو مخالف سمت میں گاڑی چلانے، 1007 موٹر سائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ اور 2 ہزار 766 ڈرائیوروں کو غیرقانونی پارکنگ پر جُرمانہ کیا گیا ہے۔

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts