امریکا میں پیدا ہونے والی اسپین کی 115 سالہ خاتون نے دنیا کی معمر ترین شخصیت کا اعزاز اپنے نام کرلیا، ضعیف عمری کے باوجود قابل رشک صحت اور تندرستی کا راز بھی کھل گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اسپین کی 115 سالہ ماریا برانیاس موریرا اس وقت دنیا کی سب سے طویل عمر پانے والی شخصیت ہیں، چند روز پہلے تک یہ ریکارڈ فرانس کی راہبہ لوسائل رینڈن کے پاس تھا جو گزشتہ دنوں 118 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں جس کے بعد ماریا برانیاس موریرا سب سے ضعیف العمر شخصیت ہیں۔
115سال کی ماریا اس وقت ایک نرسنگ ہوم میں مقیم ہیں اور عالمی ریکارڈ بنانے پر ان کے اعزاز میں ایک خاص تقریب بھی منعقد کی جارہی ہے، ماریا کی سب سے چھوٹی بیٹی کی عمر 78 سال ہے اور ان کا کہنا ہے کہ میری والدہ کبھی ہسپتال نہیں گئیں، کبھی ان کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی اور ابھی بھی کسی تکلیف یا بیماری کا شکار نہیں ہیں۔
امریکا میں پیدا ہونے والی ماریا کی بیٹی روزا موریٹ کہتی ہیں کہ میری والدہ اپنے والدین کے میکسیکو سے امریکا منتقل کے بعد پیدا ہوئیں اور ان کی طویل عمر اور تندرستی کی وجہ جینیات ہے جس کی وجہ سے وہ اب تک فٹ ہیں۔