انڈیا کی ریاست راجستھان میں انڈین ایئر فورس کا جنگی طیارہ جیگوار گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس کے دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے ہیں۔
انڈین فضائیہ کی جانب سے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ راجستھان کے ضلع چورو کے گاؤں بھنودا میں بدھ کو پیش آیا، جہاز نے سورت گڑھ ایئر بیس سے تھوڑی دیر قبل اڑان بھری تھی۔
راجستھان میں انڈین ایئر فورس کے کئی بیس موجود ہیں جن میں سے ایک جودھ پور اور ایک بیکانیر میں بھی ہے۔
انڈین فضائیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ بیان کے مطابق اس واقعے میں کسی عام شہری اور عوامی املاک کو نقصان نہیں پہنچا۔
یہ رواں سال حادثے کا شکار ہونے والا یہ انڈین ایئر فورس کا یہ تیسرا جیگوار طیارہ ہے۔ اس سے قبل سات مارچ کو ہریانہ اور دو اپریل کو گجرات میں جمنانگر کے قریب جیگوار طیارے گر کر تباہ ہوئے تھے۔
جمنانگر میں گرنے والے طیارے میں سوار پائلٹس میں سے ایک سدھارتھ یادو اس حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
یہ واقعہ تربیتی پرواز کے دوران ساڑھے نو بجے کے قریب پیش آیا تھا اور اس کی وجہ جہاز میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی تھی۔
حادثے سے قبل سدھارتھ اپنے ساتھی پائلٹ کو جہاز سے نکالنے میں کامیاب رہے تھے، جن کو معمولی چوٹی آئیں تاہم وہ خود جہاز سے بروقت نہیں نکل سکے تھے اور حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
تاہم اس سے قبل وہ جہاز کو کھیتوں کی طرف لے گئے تھے جس کی بدولت کوئی عام شہری ہلاک نہیں ہوا۔
اسی طرح مارچ میں ہریانہ میں بھی تکنیکی خرابی کی وجہ سے گرنے والے جیگوار طیارے کا پائلٹ بھی محفوظ رہا تھا۔