جنین میں اسرائیلی حملے کے اگلے روز یروشلم میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ، سات افراد ہلاک

اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق مشرقی یروشلم میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ دو روز قبل جنین میں اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران نو فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد پیش آیا ہے۔
israel
Getty Images

مشرقی یروشلم میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر حملے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ دو روز قبل مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین شہر میں اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران نو فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد ہوا ہے۔

جمعرات کو جنین پر اسرائیلی حملہ حالیہ برسوں میں شہر میں ہونے والے سب سے مہلک حملوں میں سے ایک تھا۔

پولیس کے مطابق اس یہودی آبادکاری میں موجود عبادت گاہ میں عبادت کی غرض سے جمع ہونے والے افراد جب عبادت گاہ سے باہر نکل رہے تھے تو ان پر حملہ آور نے فائرنگ کر دی جس کے بعد پولیس کی جانب سے اسے ہلاک کر دیا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور مشرقی یروشلم سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان تھا۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق حملہ آور رات 8 بج کر 12 منٹ پر عبادت گاہ میں داخل ہوا اور حاضرین پر فائرنگ کی۔

غزہ میں حماس کے ترجمان حازم قاسم نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’یہ کارروائی جنین میں قابضین کے جرائم کا جواب اور قابضین کے مجرمانہ اقدامات کا قدرتی ردعمل ہے۔‘ اسلامی جہاد تنظیم نے بھی اس حملے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم کسی فلسطینی گروپ نے تاحال اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

موقع پر موجود فرانزک ٹیمیں ایک سفید گاڑی کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہیں جو ممکنہ طور پر حملہ آور چلا رہا تھا۔

israel
Getty Images

اس حملے کو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافے کی علامت قرار دیا گیا ہے اور اس نے خدشہ پیدا کر دیا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان وسیع تر تنازعہ پیدا ہو سکتا ہے۔

جمعے کو جس عبادت گاہ پر حملہ کیا گیا وہ ’پیغمبر یعقوب‘ کے محلے میں واقع ہے، جہاں ایک اسرائیلی آبادکاری ہے۔

تاہم ’پیغمبر یعقوب‘ محلہ یروشلم کے ایک حصے میں واقع ہے جو فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطینی علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔

یروشلم کا یہ حصہ 1967 سے اسرائیل کے قبضے میں ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے اسے اپنے علاقے میں شامل کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسرائیل، فلسطین تنازع کتنا پرانا ہے اور اس وقت بیت المقدس میں کیا ہو رہا ہے؟

فلسطین پر اقوام متحدہ کی قرارداد پر اسرائیل برہم، انڈیا کا کیا موقف تھا؟

فلسطینی سے محبت ہو جائے تو غیر ملکی اسرائیل کو مطلع کرنے کے پابند ہوں گے

اقوام متحدہ یروشلم کے اس حصے کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کو تسلیم نہیں کرتا اور اب بھی یروشلم کے پورے مشرقی حصے کو فلسطینیوں کی ملکیت سمجھتا ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ حملہ آور مشرقی یروشلم میں رہنے والا ایک فلسطینی تھا۔

غزہ میں اس حملے کی خبر پر سڑکوں پر ایک بے ساختہ جشن منایا گیا۔

خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آئندہ چند روز میں اسرائیل اور فلسطین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے حملے کی مذمت کی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.