28 سالہ ماڈل کا قتل جس نے ہانگ کانگ کو ہلا کر رکھ دیا: سابق شوہر سمیت سسرالی رشتہ دار گرفتار

پولیس کو پہلے اُن کا دھڑ سے جدا سر ملا اور پھر جائے وقوعہ سے گوشت کے سلائس (ٹکڑے) کرنے والی ایک مشین، ایک الیکٹرک آری اور گوشت اور سبزیوں سے بنائی جانے والی ایک ڈش جن میں پولیس کے دعویٰ کے مطابق انسانی ٹشوز شامل ہیں۔

ایبی چوئی کے قتل کی یہ کہانی ایسی تفصیلات پر مشتمل ہے جو کچھ قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔

ہانگ کانگ کی 28 سالہ سوشل انفلوئنسر ایبی چوئی کی گذشتہ ہفتے منگل کے روز پہلی مرتبہ گمشدگی کی خبریں سامنے آئیں لیکن چند ہی گھنٹوں بعد جب اُن کے بہیمانہ قتل کی تفصیلات سامنے آنے لگیں تو اس نے پورے ہانگ کانگ کو ہلا کر رکھا دیا۔

ان کے قتل کے الزام میں اب اُن کے سابق شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزمان میں ان کے سابق شوہر ایلکس کوانگ، شوہر کے بھائی انتھونی اور شوہر کے والد (سسر) کوانگ کاؤ شامل ہیں۔

جبکہ کوانگ کی 63 سالہ والدہ پر اس مقدمے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ان سب افراد نے ضمانت کی درخواستیں بھی دائر کی تھیں جنھیں عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔

واقعہ کیا پیش آیا؟

ایبی چوئی آخری بار گذشتہ ہفتے کے دوران منگل کے روز کولون شہر میں دیکھی گئی تھیں۔

ایبی کو 21 فروری کو اپنی بیٹی کو سکول سے لانے جانا تھا لیکن وہ وہاں نہیں پہنچیں جس کے بعد پہلے تو ان کے اغوا کی بات ہونے لگی اور پھران کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس میں درج کروائی گئی۔

اس کے بعد پولیس اُن کی تلاش میں لگ گئی اور انھیں تلاش کرتے کرتے شہر سے تقریباً 27 کلومیٹر دور لنگ مئی گاؤں پہنچی۔

ایبی چوئی کا سر اتوار کے روز تائی پو ضلع کے دیہی علاقے کے ایک تین منزلہ مکان سے برآمد ہوا۔ اس سے قبل ان کے جسم کے دیگر اعضا اسی علاقے میں لنگ میئی گاؤں کے ایک مکان میں ایک فریج سے ملے تھے۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے گوشت کے سلائس (ٹکڑے) کرنے والی ایک مشین اور ایک الیکٹرک آری بھی ملی۔

پولیس نے دعویٰ کہا ہے کہ اس گھر سے دو پیالے ’سٹو‘ (گوشت اور سبزیوں سے بنائی جانے والی ایک ڈش) کے ملے ہیں جن میں انسانی ٹشوز شامل ہیں۔

قتل کیوں ہوا؟

ہانگ کانگ کی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ انھیں یقین ہے کہ ایبی اور ان کے سابقہ سسرالیوں کے درمیان بہت سے مالی تنازعات تھے جن میں ’بھاری رقوم‘ کی لین دین کا تنازع بھی شامل تھا۔

ایبی نے ناصرف خود ماڈلنگ سے کافی پیسے کمائے بلکہ ان کے والدین بھی کروڑ پتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ہانگ کانگ: ’میں تمام خداؤں کا رکھوالا ہوں، یہ سب میرے لیے برابر ہیں‘

’لائن راک سپرٹ‘: غیر متزلزل عزم جو ہانگ کانگ کے شہریوں کی سرشت میں شامل ہے

پولیس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’کوئی مقتول خاتون کی جانب سے اپنے مالی معاملات خود ہینڈل کرنے سے مطمئن نہیں تھا اور شاید یہی قتل کی وجہ بنا۔‘

پولیس نے بتایا کہ ایبی کے شوہر الیکس کوانگ کو ہفتے کے روز سپیڈ بوٹ کے ذریعے شہر سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے والدین اور بڑے بھائی کو ایک روز قبل ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

پولیس نے اتوار کو ایک پانچویں ملزم کو بھی گرفتار کیا جو چوئی کے سسر سے منسلک تھا۔

https://www.instagram.com/p/CorCxMiSHbn

ایبی نے دو شادیاں کی تھیں اور ان دونوں سے ان کے چار بچے ہیں۔ 18 سال کی عمر میں انھوں نے ایلکس کوانگ سے شادی کی جس سے ان کے ہاں دو بچے ہوئے۔ لیکن کچھ عرصے بعد ان کی طلاق ہو گئی اور پھر کرس ٹیم سے ان کے دو بچے ہوئے۔ وہ سنہ 2016 سے کرس ٹیم کے ساتھ رشتے میں منسلک تھیں۔

وہ حال ہی میں ایک فیشن اور لگژری لائف سٹائل میگزین ’لا آفیشیئل موناکو‘ کے سرورق پر شائع ہوئی تھیں جبکہ لگژری برانڈ ڈیؤر کے فیشن شو میں بھی وہ نظر آئی تھیں۔ اور ہانگ کانگ میں آن لائن اُن کے ہزاروں فالوور تھے اور اس کے ساتھ ہی وہ ایک مشہور سماجی شخصیت بھی تھیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.