لندن میں انڈین سفارت خانے پر مظاہرین نے خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا

image

انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں انڈین سفارت خانے سے خالصتان کے حامی مظاہرین نے انڈیا کا جھنڈا اتار کر خالصتان کا جھنڈا لہرا دیا جس کے بعد دہلی میں برطانیہ کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق اتوار کو لندن میں امرت پال سنگھ کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن پر ان کے حامیوں نے احتجاج کیا۔ 

انڈین وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’لندن میں انڈین سفارت خانے سے برطانوی سکیورٹی کے مکمل طور غیرموجودگی پر وضاحت طلب کی گئی، برطانوی سفیر کو ویانا کنونشن کے تحت برطانیہ کی بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی کروائی گئی۔‘

سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز میں مظاہرین کو انڈین سفارت خانے پر چڑھ کر انڈیا کا جھنڈا اتارتے اور خالصتان کا جھنڈا لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈین وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’برطانوی حکومت کی جانب سے انڈین سفارت خانے اور اس کے عملے کی سکیورٹی کے حوالے سے بے توجہی ناقابل قبول ہے۔‘

انڈین ریاست پنجاب میں پولیس نے علیحدگی پسند سمجھے جانے والے 30 سالہ سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں جبکہ جالندھر میں ان کے 78 ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امرت پال سنگھ کا نام گذشتہ مہینے خبروں میں اس وقت آیا جب تلواروں، چھریوں اور بندوقوں سے لیس افراد نے ایک پولیس سٹیشن پر حملہ کیا جس کا مقصد سکھ رہنما کے ایک ساتھی کو چھڑانا تھا جسے پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

اس حملے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد حکام نے امرت پال سنگھ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔

سنیچر کو پولیس نے امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے لیے متعدد مقامات پر چھاپے مارے لیکن وہ اب تک گرفتار نہیں ہوسکے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.