بھارت میں جہیز تنازع یا گھریلو جھگڑا؟ نوبیاہتا جوڑے نے خودکشی کر لی

image

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ایک نوبیاہتا جوڑے کی المناک کہانی سامنے آ گئی جہاں گھریلو تنازع کے باعث دونوں میاں بیوی نے الگ الگ مقامات پر خودکشی کر لی جبکہ شوہر کی والدہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ سورج شیوانا نے ہفتے کے روز مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں وارڈھا روڈ پر واقع ایک ہوٹل کے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر جان دے دی۔ سورج بنگلورو سے اپنی والدہ جینتی کے ہمراہ ایک ہزار کلو میٹر سے زائد کا سفر طے کر کے ناگپور پہنچا تھا۔ واقعے کے بعد سورج کی والدہ نے بھی خودکشی کی کوشش کی جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ سورج کی 26 سالہ اہلیہ گنوی کی موت کے صرف دو روز بعد پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق گنوی نے منگل کے روز بنگلورو میں خودکشی کی کوشش کی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں برین ڈیڈ قرار دے کر وینٹی لیٹر پر رکھا۔ وہ جمعرات کے روز دم توڑ گئیں۔

گنوی کی موت کے بعد ان کے والدین کی درخواست پر سورج شیوانا اور اس کے اہلِ خانہ کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی اور خودکشی پر اکسانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گنوی کو سسرال میں ذلت اور نظرانداز کیے جانے کا سامنا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ میں تھیں۔

پولیس کے مطابق جوڑے کی شادی 29 اکتوبر کو بنگلورو میں ہوئی تھی اور وہ ہنی مون کے لیے سری لنکا گئے تھے تاہم مبینہ گھریلو جھگڑے کے باعث سفر ادھورا چھوڑ کر واپس آ گئے تھے۔ گنوی کی موت کے بعد احتجاج اور قانونی دباؤ کے پیشِ نظر سورج اپنی والدہ کے ہمراہ ناگپور چلا گیا، جہاں بعد ازاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

ناگپور پولیس کا کہنا ہے کہ سورج شیوانا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے جبکہ ان کی والدہ کی حالت نازک ہے۔ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US