گزشتہ روز مریم نواز کے انٹرویو کا ایسا کلپ وائرل ہوا جس میں انھیں انٹرویو کی ریکارڈنگ روکنے کے لئے کہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ چند ہفتے پہلے لئے گئے اس انٹرویو میں اینکر منصور علی خان، مریم نواز سے توشہ خانہ سے لی گئی گاڑیوں کے بارے میں سوال کررہے تھے جس کا جواب نہ بن پانے پر مریم نواز نے ویڈیو روکنے کا کہا جس پر منصور علی خان کہتے ہیں بالکل آپ فکر نہ کریں لیکن اب یہ کلپ وائرل ہوچکا ہے۔ دیکھیے
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منصور علی خان، ن لیگ کی رہنما سے پرنس عبدالعزیز کی توشہ خانے میں دی گئی مرسیڈیز گاڑی کے بارے میں استفسار کرتے ہیں جس پر بات کرتے ہوئے مریم نواز اطمینان بخش جواب نہیں دے پاتیں اور 2 بار ریکارڈنگ روکنے کی بات کرتی ہیں۔
امریش پوری کیوں یاد آگئے؟
کلپ وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر میمز اور طنز کا طوفان برپا ہوگیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس موقع پر مشہور زمانہ فلم “نائک“ کے اس سین کو بھی یاد کیا جس میں صحافی بنے انیل کپور ملک کے وزیر اعظم امریش پوری سے ان کی کرپشن کے متعلق سوال پوچھتے ہیں جس پر امریش پوری انٹرویو بند کرنے کو کہتے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر مریم نواز اور امریش پوری کے اس سین میں کافی مماثلت ہے۔
مریم نواز کا بیان
واضح رہے کہ مریم نواز کا مذکورہ انٹرویو کچھ عرصہ پہلے لیا گیا تھا جس کے مختلف حصے وائرل ہوئے تھے البتہ یہ حصہ ان کے منع کرنے اور اینکر کی یقین دہانی کے باوجود لیک ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز نے بیان دیا ہے کہ چونکہ انھیں مطلوبہ معلومات نہیں تھیں اس لیے وہ ایسی کوئی بات نہیں کہنا چاہتی تھیں جو حقائق کے متضاد ہو لیکن شاید لوگ جھوٹ بولنے کے عادی ہیں اسی لئے دوسروں کی بات کو بھی جھوٹ سمجھتے ہیں۔