وزیراعلٰی کو پھولوں کا ہار کیوں پہنایا؟ جے یو آئی نے ممبر اسمبلی کی رکنیت معطل کردی

image

بلوچستان اسمبلی کوئٹہ میں اپوزیشن جماعت جمعیت علما اسلام نے وزیراعلٰی کو پھولوں کا ہار پہنانے پر اپنے ایک رکن اسمبلی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔

یہ واقعہ 23 جون کو بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران اس وقت پیش آیا جب  وزیراعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی بجٹ تقریر کر رہے تھے۔ 

اس دوران جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے زابد ریکی اپنی نشست سے اُٹھے اور سرفراز بگٹی کو پھولوں کا ہار پہنایا اور اُن پر پھولوں کی پتیاں بھی نچاور کیں۔

زابد ریکی نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اپوزیشن کا رکن ہونے کے باوجود وزیراعلٰی کو ہار اس لیے پہنا رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اُن کے حلقہ انتخاب ضلع واشک کے لیے بجٹ میں تاریخی ترقیاتی منصوبے شامل کیے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’ماضی میں واشک کو مسلسل نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔‘ زابد ریکی کے اس اقدام پر جے یو آئی کے دیگر ارکان اسمبلی نے تو کوئی مخالفت نہیں کی تاہم پارٹی کی صوبائی قیادت اور کارکنوں نے اعتراض اٹھایا۔

جے یو آئی کے کارکنوں اور عام صارفین نے سوشل میڈیا پر زابد ریکی پر تنقید کی۔

ناقدین کے مطابق ’جام کمال کی حکومت کوجے یو آئی نے اپوزیشن جماعت کی حیثیت سے ٹف ٹائم دیا لیکن اس اسمبلی میں جے یو آئی فرینڈلی اپویشن کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آرہی ہے۔‘

جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی جماعت نے زابد ریکی کے عمل کو ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور اس بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جب ایوان سے مائنز اینڈ منرلز بل کی جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر چالاکی سے منظوری کا معاملہ چل رہا تھا ایسے میں زابد ریکی کی جانب سے وزیراعلٰی کو ہار پہنانے کا عمل نامناسب تھا۔انہوں نے جذبات میں آکر یہ غیر معمولی قدم اٹھایا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مائنز اینڈ منرلز بل کو جماعتوں کو اندھیرے میں رکھ کر منظور کرایا گیا تھا جس پر عمل عدالت سے رجوع کریں گے۔‘

جے یو آئی کے صوبائی امیر نے بتایا کہ ’زابد ریکی نے وزیراعلٰی پر گل پاشی اور ہار پہنانے سے قبل پارلیمانی لیڈر اور دیگر ارکان کو اعتماد میں نہیں لیا بلکہ یہ اُن کا انفرادی فیصلہ تھا۔‘

مولانا عبدالواسع نے واضح کیا کہ ’ایوان کے اندر کوئی انفرادی زندگی نہیں ہوتی اور ہر رکن کو پارٹی نظم و ضبط کا پابند رہنا ہوتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’فی الحال زابد ریکی کی پارٹی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ ان کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔‘

جے یو آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’زابد ریکی نے غیر معمولی انداز میں بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعلٰی کو جذبات کے اظہار میں ہار پہنایا۔‘

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts