حکومت سے فوری مذاکرات شروع کیے جائیں، جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں کا پارٹی قیادت کے نام خط

image

پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں قید رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو کھلا خط لکھ کر حکومت سے مذاکرات کی تجویز دی ہے۔

منگل کو سامنے آنے والے اس خط میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کیا گیا ہے۔

اس خط پر میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کے دستخط موجود ہیں۔

اسیر رہنماؤں نے خط میں لکھا ہے کہ ’ملک اس وقت بدترین سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہے اور اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ جامع اور سنجیدہ مذاکرات ہیں۔‘

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مذاکرات ہر سطح پر ہونا ضروری ہیں، چاہے وہ سیاسی سطح پر ہوں یا مقتدر حلقوں کے ساتھ۔‘

پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ’ملک کو موجودہ بند گلی سے نکالنے کے لیے سیاسی سطح پر فوری مذاکرات کا آغاز ناگزیر ہے۔‘

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لاہور میں قید پارٹی رہنماؤں کو بھی مذاکراتی عمل کا حصہ بنایا جائے اور مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کے لیے چیئرمین عمران خان تک رسائی ممکن بنائی جائے تاکہ پارٹی وسیع مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کر سکے۔

جیل میں قید تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق ’عمران خان سے ملاقات کا یہ سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رہنا چاہیے تاکہ بدلتی ہوئی صورت حال کے مطابق حکمتِ عملی طے کی جا سکے۔‘

اردو نیوز نے پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں کے سامنے  آنے والے کھلے خط پر پی ٹی آئی قیادت سے موقف لینے کی کوشش کی، تاہم اس پر کسی نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

 یاد رہے کہ یہ خط پی ٹی آئی کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا ہے۔ 

پی ٹی آئی ے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا گیا ہے کہ ’پارٹی کے اسیر رہنماؤں کی جانب سے ایک خط سامنے آیا ہے جس میں ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ مذاکرات کو قرار دیا گیا ہے۔‘

 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts