ریاض: سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی ایک تصویر نے پوری دنیا میں دھوم مچادی، لاکھوں زائرین کی ایک ساتھ سجدے کی تصویر نے کروڑوں لوگوں کے دل جیت لئے۔
مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے قریب احرام میں ملبوس عمرہ زائرین کے سجدے کی تصویر سعودی فوٹو گرافر عبدالرحمن السھلی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
سعودی فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ عصر کی نماز ادا کرتے ہوئے زائرین کی تصویر بنائی جس میں نمازی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند نظر آرہے ہیں۔
تمام عمرہ زائرین سجدے کی حالت میں اور احرام میں ہیں۔ صارفین نے اس دلکش منظر پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سجدے کے دوران عمرہ زائرین ’بکھرے ہوئے سفید موتی‘ کی مانند لگ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد امسال سعودی میں عمرہ کیلئے آنے والے زائرین کی تعداد 2 کروڑ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس دوران عمرہ زائرین کی ایک جیسے سفید لباس میں ایک ساتھ سجدہ کرنے کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی ہے جیسے کروڑوں لوگ پسند کرچکے ہیں۔