بچھڑا سارس اپنے دوست عارف کو دیکھتے ہی جذبات سے اچھلنے لگا ۔۔ پرندے کو عارف کے حوالے کرنے کیلئے لاکھوں لوگوں کی طرف سے پٹیشن دائر

image

بھارت میں انسان اور سارس کرین کی دوستی کے چرچے، سارس نے عارف کو دیکھ کر جذبات میں اچھلنا شروع کردیا، سارس کرین کو عارف کے حوالے کرنے کیلئے پورے ملک سے آوازیں اٹھنے لگیں، لاکھوں لوگوں نے آن لائن پٹیشن دائر کردی۔

اترپردیش کے منڈاکا نامی دیہات کے کسان محمد عارف کو کھیتوں میں زخمی سارس کرین ملا جسے وہ اٹھا کر گھر لے آئے اور ٹانگ کی مرہم پٹی کے بعد اس کو اپنے پاس رکھا۔

5 فٹ لمبے سارس کرین کے ساتھ غیر معمولی تعلق کی وجہ سے شمالی ریاست اتر پردیش کے کسان محمد عارف کو سوشل میڈیا پر خوب شہرت ملی، دونوں کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

عارف اور پرندے کی کہانی میڈیا پر پھیلنے کے فوراً بعد جنگلی حیات کے اہلکار اس کے گاؤں پہنچے اور پرندے کو ضبط کرکے اتر پردیش کے شہر کانپور کے چڑیا گھر کے پنجرے میں بند کر دیا۔

بھارتی عوام نے سارس کو عارف سے الگ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ لاکھوں لوگوں نے سارس کرین کو آزاد کرکے عارف کو واپس کرنے کی اپیل کی ہے۔

عارف کا خیال تھا کہ ٹھیک ہونے کے بعد یہ پرندہ اڑ جائے گا لیکن سارس کرین عارف کے ساتھ ہی رہاجس کی وجہ سے عارف نے بھی اسے اپنے ساتھ ہی رکھنے کا فیصلہ کیا۔

30 سالہ محمد عارف کا کہنا ہے کہ سارس کرین ٹھیک ہوکر بھی میرے پاس ہی رہا تو اس سے میرا جذباتی لگاؤ بڑھتا گیا اور ہم اچھے دوست بن گئے۔

سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز میں موٹرسائیکل پر جاتے عارف کے پیچھے اڑنے والے سارس کرین کو دیکھا جاسکتا ہے۔ کام کے دوران بھی اکثر سارس کرین عارف کے پاس ہی رہتا تھا۔

محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ سارس کرین دنیا کے سب سے اونچا اڑنے والے پرندوں میں سے ایک ہے، اسے پالتو پرندے کے طور پر رکھنا ممکن نہیں ہے۔

11 اپریل کوعارف کو چڑیا گھر میں قید پرندے سے ملنے کی اجازت دی گئی۔عارف کی چڑیا گھر میں سارس سے ملاقات کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی شدید جذباتی کردیا ۔

جیسے ہی عارف سارس کے سامنے آیا تو سارس کرین نے جذبات میں اچھلنا شروع کردیا ۔اپنے دوست سے ملنے کیلئے پنجرے سے نکلنے کی کوشش شروع کردی تاہم چڑیا گھر کی انتظامیہ نے عارف کو صرف 5 منٹ ملاقات کی اجازت دی۔

عارف کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے جب میں کام سے گھر آتا تو سارس کرین دوڑ کر میرے گلے لگ جاتا تھا لیکن اب سارس کو مجھ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہوئے اور پنجرے کی دیوار سے روکتے ہوئے دیکھنا میرے لیے بہت تکلیف دہ تھا۔

گزشتہ ہفتے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے چڑیا گھر سے سارس کرین کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ پرندہ عارف کو واپس کرنے کیلئے بھارت میں باقاعدہ مہم شروع ہوچکی ہے اور لاکھوں لوگ آن لائن پٹیشن دائر کرچکے ہیں۔


About the Author:

Arooj Bhatti is a versatile content creator with a passion for storytelling and a talent for capturing the human experience. With a several years of experience in news media, he has a strong foundation in visual storytelling, audio production, and written content.

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts