لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں چوری کی انوکھی واردات میں ایک سٹور سے دو سو جوتے چرائے گئے لیکن غلطی سے چور صرف ایک ہی پاؤں کے جوتے لے گئے۔

لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں چوری کی انوکھی واردات میں ایک دکان سے دو سو جوتے چرا لیے گئے لیکن اس عمل میں ایک غلطی چوروں کو بہت بھاری پڑ گئی۔
یہ واردات پیرو کے شہر ہیانکاو میں ہوئی جہاں تین افراد نے دکان میں گھس کر 200 سے زیادہ جوتے چوری کیے۔
اس واردات کے مناظر دکان میں موجود سکیورٹی کیمرے نے محفوظ کیے ہیں۔
دکان کے مالک کے مطابق ان جوتوں کی مالیت 13 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے تاہم چوروں کے لیے ان جوتوں کو بیچنا کافی مشکل ثابت ہو گا کیونکہ مسروقہ جوتوں میں ایک بھی ایسا نہیں جس کا جوڑا مکمل ہو۔
چوروں نے دکان میں شیلف پر موجود جو جوتے چوری کیے وہ تمام دائیں پیر کے جوتے تھے جن کا دوسرا پیر اندر گودام میں موجود تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور رات کے اندھیرے میں دکان کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوتے ہیں اور پھر ایک سائیکل پر مختلف برینڈز کے جوتے رکھ کر فرار ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور کی مسجد سے چور ’ایک لاکھ‘ روپے مالیت کا جوتا لے اڑا، مقدمہ درج
لومڑی کے پاس سے محلے کی 100 سے زیادہ جوتیاں برآمد
دنیا کا سب سے مہنگا جوتوں کا جوڑا 63 کروڑ روپے میں نیلام
مقامی پولیس کے سربراہ ایڈوان ڈیاز نے پیرو کے میڈیا کو بتایا’اس چوری کی غیر معمولی بات یہ ہے کہ صرف دائیں پاوں کے جوتے ہی چرائے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جائے واردات سے شواہد جمع کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ فوٹیج اور فنگر پرنٹس کی مدد سے وہ ان چوروں کا پتہ لگا لیں گے۔