بھارت میں ایک کوچنگ سینٹر میں آگ لگنے کی وجہ سے کئی طلبہ نے جان بچانے کے لیے تیسری منزل سے چھلانگ لگادی، 61 طلبہ زخمی ہوگئے، 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
دارالحکومت دہلی کے علاقے مکھرجی نگر میں واقع ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں جمعرات کی دوپہر آگ لگ گئی۔ اس دوران کچھ طلباء گھبراہٹ میں باہر بھاگتے ہوئے زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، زخمی طلبہ کو اسپتال منتقل کیا گیا ،نئی دہلی میں پیش آنے والے حادثے کے وقت متعدد طلبہ کھڑکی سے رسی اورکئی تاروں کی مدد سے نکلے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں طلبہ کو رسی اور تار پکڑتے لگاتار اترتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں کوچنگ سینٹر کے اسٹاف ممبران بھی شامل ہیں جب کہ 50 افراد کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کرکے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ 2 طلبہ کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا ہے کہ بھاگنے کی کوشش کے دوران کچھ طلبہ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، باقی تمام محفوظ ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔