اپنی شادی کا دن سب کیلیئے ہی خاص ہوتا ہے پھر چاہے وہ دلہا ہو یا دلہن، ہر کوئی اسے یادگار بنانے کی پوری کوشش کرتا ہے۔ مگر کچھ لوگوں کے لیئے یہ ایک ڈراؤنی خواب بن جاتا ہے، جیسا کہ اس شخص کیلیئے جسے اپنی شادی والے دن درخت سے باندھ دیا گیا۔۔ آئیے جانتے ہیں پورا واقعہ
یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں پیش آیا، جہاں ہڑکھ پور کے رہنے والے امرجیت ورما کو دلہن کے گھر والوں نے درخت سے باندھ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کچھ روز قبل امر جیت اور کشور ورما کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب شادی میں آنے والے دلہے کے دوستوں نے بدتمیزی کی۔ جس کے چلتے دلہا اور دلہن کے گھروالوں کے درمیان بھی جھگڑا شروع ہوگیا۔
یہ سب جے مالا کی تقریب کے دوران ہوا، ایسے میں امرجیت نے صورتحال کو سنبھالنے کے بجائے دلہن والوں سے جہیز کا مطالبہ کردیا جس نے آگ میں گھی کا کام کیا اور پھر دلہن والوں نے دلہے کو درخت سے ہی باندھ دیا۔
جھگڑے کی وجہ دلہا امر جیت ورما تھا جس نے مبینہ طور پر دلہن کے گھر والوں سے جہیز کا مطالبہ کیا تھا جس پر لڑکی والوں کی جانب سے کئی گھنٹوں تک دلہے کو قیدی بنا کر درخت سے باندھے رکھا گیا۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور دونوں فریقین کو تھانے لے گئی۔
بعد میں پھر پولیس نے بتایا کہ، دونوں فریقین کو تھانے میں بلایا گیا تھا تاہم ابھی ان کے درمیان کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکا، اور ساتھ ہی شادی کی تقریب کے انتظامات میں ہونے والے اخراجات کی تلافی کے لیے بھی ابھی بات چیت جاری ہے۔