زندگی میں ایک مرتبہ حج کرنے کی خواہش دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں شاید ازل سے ہے اور ابد تک رہے گی۔ عمر کم ہو یا بڑی، ضعیف ہوں یا نوجوان سب ہی چاہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے گھر ایک مرتبہ بلا لے۔
کردستان کے 103 سالہ رابی علی بھی انہی لوگوں میں سے ہیں جو اللہ کے گھر کو دیکھنے کی خواہش رکھتے تھے اور مسلسل 3 سالوں سے کوششیں کر رہے تھے مگر ان کو حج کی اجازت نہیں مل پا رہی تھی۔
بہرحال اس مرتبہ انہوں نے کردستان میں مذہبی امور کے سربراہ کو ایک خط لکھا جس میں کہا کہ اب میں نہ جانے کب مر سکتا ہوں میری اتنی عمر ہوگئی ہے اور اب نہ جانے کب آخری سانس آ جائے اس لیے میں درخواست کرتا ہوں کہ مجھے اب تو حج کرنے کا موقع دیا جائے جبکہ میں صاحبِ حیثیت بھی ہوں۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ میری خواہش کہ کعبہ کو دیکھوں، غلافِ کعبہ ہاتھ آئے اور بس وہی آخری سانس مکمل ہو جائے۔
ان کو سوشل میڈیا پر لوگ بہت مبارکباد اور حج کی قبولیت کی دعائیں دے رہے ہیں۔ یہ وہ بزرگ ترین شخص ہیں جو 103 سال کی عمر میں حج کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ یہ ان کے لیے شرف کی بات ہے۔