سعودی عرب میں 18 سال سے مسجد الحرام میں صفائی کارکن کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے بنگلہ دیشی شہری شریف ازھر کا کہنا ہے کہ 18 سال قبل بنگلہ دیش سے ملازمت کے لیے بن لادن کمپنی میں آیا تھا پھر ایک دوست کے ذریعے مسجد الحرام میں صفائی عملے میں شامل ہوا۔
شریف ازھر نے بتایا کہ ایک مرتبہ آب زمزم امام حرم کو پیش کیا، انہوں نے بہت پیار سے زمزم لیا اور دعائیں دیں۔ ان کی شفقت کو کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا۔
شریف ازھر کا کہنا ہے کہ میں عام دنوں میں آٹھ گھنٹے ڈیوٹی دیتا ہوں جبکہ رمضان اور حج سیزن میں ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے۔ڈیوٹی سے فارغ ہو کر مسجد الحرام میں عبادت کرتا ہوں جس سے بے حد سکون میسر آتا ہے۔
بنگلہ دیشی صفائی کارکن کا کہنا ہے کہ یہاں کام کرنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ یکسوئی کے ساتھ عبادت بھی کر لیتا ہوں۔ اپنے اہل و عیال اور والدین کو مسجد الحرام کی زیارت کرا چکا ہوں۔