فلم ’کیری آن جٹا 3‘ کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست

image

انڈین صوبہ پنجاب کے شہر جالندھر میں ہندو شدت پسند جماعت شیو سینا کی جانب سے پنجابی فلم کیری آن جٹا 3 کے ڈائریکٹر اور اداکاروں کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق جالندھر پولیس سٹیشن میں یہ درخواست شیو سینا ہند کی یوتھ کمیٹی کے صدر اشانت شرما اور چیئرمین شیو سینا پنجاب (ٹکسالی) سنیل کمار بنٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔

سنیل کمار بنٹی نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے شیو سینا ہند کی طرف سے درخواست جمع کروائی ہے۔ کیری آن جٹا 3 کے ایک سین میں ہون کی رسومات ادا کرنے والے ایک براہمن کی توہین کی گئی ہے۔ گپی اگروال، بِنو ڈھلوں اور گرپریت گھگی نے ہون کنڈ پر پانی پھینک کر لاکھوں ہندووں کے عقیدے کی خلاف ورزی کی ہے۔‘

ان کے مطابق ’ہندو مذہب میں جب بھی کوئی رسم ادا کرنی ہوتی ہے تو پہلے ہون کیا جاتا ہے۔‘

سنیل کمار بنٹی کا کہنا تھا کہ ’لہذا ہم نے ان سب کے خلاف درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر ان سب کے خلاف سیکشن 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ اور اگر ان کی طرف سے پنجاب کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو سیکشن 153 لگایا جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ان افراد نے ہندو مذہب کو نشانہ بنا کر ریٹنگ بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ اگر کسی اور عقیدے کے لوگوں نے ایسا کیا ہوتا تو وہ تھیٹر کو آگ لگا دیتے۔ ہندو مت نرمی سے پیش آنے والا مذہب ہے اور اسی لیے ہم نے پہلے حکومت سے رابطہ کیا۔ اگر وہ 24 گھنٹوں میں کارروائی نہیں کرتی تو ہم فلم ڈائریکٹر اور گرپریت گھگی کے گھر کے باہر احتجاج کریں گے۔‘

واضح رہے کہ کیری آن جٹا 3 گذشتہ ماہ 29 جون کو ریلیز کی گئی تھی۔


News Source   News Source Text

آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts