لاہور میں پیٹرول بھروانے والے موٹر سائیکل سواروں پر اہم پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رفیعہ حیدر نے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اب پیٹرول صرف اسی موٹر سائیکل والے کو ملے گا جس نے ہیلمٹ پہنا ہوا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی کے جاری کردہ احکامات کے بعد ضلعی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی لاہور نے پابندی پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا ہے۔
رافعہ حیدر نے کہا کہ موٹر سائیکلوں پر ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے سے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ
"یہ پابندی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے،" انہوں نے مزید کہا کہ اس پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی۔
رافعہ حیدر نے موٹر سائیکل سواروں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں موٹر سائیکل حادثات میں جانی نقصان کی وجہ بھی ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔
ہیلمٹ کے استعمال کا مقصد موٹر سائیکل سوار کو حادثے کے دوران سر اور دماغی چوٹوں سے بچانا ہے۔