کراچی میں بلدیاتی حکومت کے قیام کے بعد شہر کی سڑکوں پر صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کیخلاف بھی کارروائیاں شروع ہوگئیں، کلفٹن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران دکانداروں کی مزاحمت کی ویڈیو میئر مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کلفٹن بلاک 2 میں فٹ پاتھ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جس پر دکانداروں نے مزاحمت کی لیکن ٹیم نے اپنا کام جاری رکھا، شہر کی بہتری کے لئے حکومت کے ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
یاد رہے کہ کراچی میں تجاوزات کا مسئلہ ناسور بن چکا ہے، پوش علاقے ہوں یا کچی آبادیاں، گلی محلے ہوں یا مین شاہراہیں، ہر جگہ تجاوزات کی بھرمار ہے۔ کراچی کے ہر علاقے میں سڑکوں پر تجازوات مافیا قابض ہے اور کسی سڑک یا علاقہ ایسا نہیں جہاں پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
علاقہ پولیس اور کے ایم سی کے انسداد تجاوزات کے حکام کی رشوت خوری کی وجہ سے پورا شہر تجاوزات کا جنگل بن چکا ہے، جس کا جہاں جی چاہتا ہے وہاں ٹھیلا، پتھارا اور ریسٹورنٹ مالکان جہاں جی چاہے کرسیاں لگاکر سڑکوں پر قبضہ کرلیتے ہیں۔
کراچی میں مرتضیٰ وہاب کے میئر بننے کے بعد شہریوں کو امید ہے کہ شائد اب کراچی میں حقیقی معنوں میں کام ہوگا اور تجازوات کی بیماری سے بھی نجات ملے گی۔