میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے برطانوی دور کے کنوؤں کی بحالی کی تجویز پیش کردی ہے۔
برنس گارڈن کے دورے کے دوران مرتضیٰ وہاب نے زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کرنے اور سیلاب کو روکنے کے لیے کنوؤں کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اس وقت شہر بھر کے مختلف پارکوں میں کنویں کی تعمیر پر کام کر رہی ہے۔
برنس گارڈن میں دو پرانے کنوؤں کو پہلے ہی یوکرین کے ایک ماہر کی مدد سے دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے جو کے ایم سی کے پارکس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
انہوں نے بارہ داری کے پولو گراؤنڈ میں بھی اسی طرح کے کنویں بنانے کے منصوبے کا اعادہ کیا۔ یہ کنویں بارش کا پانی جمع کرنے اور علاقے میں زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد کریں گے۔
یاد رہے کہ مرتضیٰ وہاب کراچی میں میئر کا حلف اٹھانے کے بعد شہر کے نظام میں بہتری کیلئے متحرک ہیں اور بارشوں کے دوران انہوں نے شہر میں ہنگامی اقدامات کرکے شہریوں کو مشکلات سے بچایا۔
مرتضیٰ وہاب کی برطانوی دور کے کنوؤں کو بحال کرنے کی تجویز پر کام شروع کردیا گیا ہے جس سے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پانی کا ضیاع روکنے میں بھی مدد ملے گی۔