پولیس کا کام عوام کی حفاظت ہے لیکن کبھی کبھی کچھ ایسے واقعات پیش آتے ہیں جو اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن جاتے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ پیش آیا کراچی کے علاقے منگھوپیر میں جہاں ایک موٹر سائیکل کے نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کی ایک ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی اور وہ شادی کی غرض سے ہی دبئی سے کراچی آیا ہوا تھا۔ جبکہ ہاشم کے ساتھ اس کا دوست بھی شدید زخمی ہوا ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ہاشم گزشتہ 15 سے زائد سال سے دبئی میں مقیم تھا اور شادی کے بعد واپس دبئی روانہ ہونے والا تھا۔ البتہ جانے سے پہلے نورانی کے مزار پر دوست کے ساتھ زیارت کے لیےگیا تھا لیکن کیا معلوم تھا کہ واپسی پر موت اس کی راہ تک رہی ہوگی۔
افسوسناک واقعےکے بعد گھر والوں نے مرحوم ہاشم کی لاش تھانےکے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ دوسری طرف عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ علاقے میں پولیس کی گاڑی کھڑی تھی اور انھوں نے موٹر سائیکل سواروں کو روکا تھا لیکن وہ نہیں رکے جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔