سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ معیشت بحال ہورہی ہے، پاکستان دوبارہ ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔
لیگی عہدیداروں سے ملاقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پوری دنیا میں مقیم پاکستانی قابل فخر اثاثہ ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ہمارا فرض ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کو تقویت دینے کے لیے سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں 2 ارب ڈالر جمع کرادیئے ہیں۔یہ پیش رفت آئی ایم ایف کے ساتھ حال ہی میں حاصل کیے گئے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے ۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی جانب سے رقم کی فراہمی کا اعلان تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی جانب سے مشکل معاشی دور میں سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
اس حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام کی طرف سے میں اسٹیٹ بینک میں 2 بلین امریکی ڈالر جمع کرانے پر مملکت سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں اپنے بھائی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے پاکستان کی مالی مدد کو یقینی بنایا،یہ ڈپازٹ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرے گا۔