ملیر کورٹ کے سامنے تھانے کے قریب ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ پر کھڑے تاجر سے 24 لاکھ روپے لوٹ لیے، ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود ملزمان پولیس کی گرفت میں نہ آسکے۔
سیمنٹ اور سریے کا تاجر دکان سے رقم لے کر بینک میں جمع کرانے جارہا تھا کہ ملیر کورٹ کے سامنے مسلح موٹر سائیکل سوار نے رقم لوٹنے کے لیے تعاقب کیا۔تاجر نے خطرہ بھانپ کر قریبی پیٹرول پمپ پر پہنچ کر بچنے کی کوشش کی جس کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے۔
ملزمان پیٹرول پمپ پر موجود گارڈ اور شہریوں کی موجودگی میں دن دہاڑے رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا لیکن دو روز میں پولیس ملزمان کی گرفتاری میں ناکام ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی شاہراہ پر ملیر کورٹ، تھانہ اور ٹریفک پولیس ہر وقت موجود رہتی ہے، اس کے باوجود ڈاکوؤں کا دیدہ دلیری کے ساتھ تاجر سے رقم چھین کر فرار ہونا پولیس کیلئے سوالیہ نشان ہے۔
کراچی میں ان دنوں اسٹریٹ کرائم میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، کراچی کے بیشتر علاقوں میں اس وقت حقیقی معنوں میں ڈاکو راج کررہے ہیں جبکہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کو قابو کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔