ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور انڈیا کا دو ستمبر کو کینڈی میں ٹاکرا

image
رواں برس پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان بدھ کے روز ایشیئن کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا گیا۔

ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے ہوگا اور اس کا پہلا میچ میزبان پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور انڈیا کا ہائی وولٹیج میچ دو ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہوگا۔

ایشیا کپ کے لیے چھ ٹیموں پاکستان، انڈیا، نیپال، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان، انڈیا اور نیپال شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کا مقابلہ ہوگا۔

ایشیا کپ کے چار میچز پاکستان کے دو شہروں ملتان اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کے باقی تمام میچز سری لنکا کے دو شہروں کینڈی اور کولمبو میں ہوں گے۔

پاکستان میں ایشیا کپ کے چار میں سے ایک میچ ملتان اور تین میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

لاہور میں تین ستمبر کو افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس کے بعد گروپ سٹیج کا آخری میچ سری لنکا اور افغانستان کے درمیان پانچ ستمبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح سپر فور مرحلے کا پہلا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔

I am happy to announce the schedule for the highly anticipated Men's ODI #AsiaCup2023, a symbol of unity and togetherness binding diverse nations together! Let's join hands in the celebration of cricketing excellence and cherish the bonds that connect us all. @ACCMedia1 pic.twitter.com/9uPgx6intP

— Jay Shah (@JayShah) July 19, 2023

ایونٹ میں پہلے گروپ سٹیج کے چھ میچز کھیلے جائیں گے جس میں ہر ٹیم کو دو میچز ملیں گے۔ گروپ سٹیج کے بعد سپر فور مرحلہ ہوگا۔

اگر پاکستان اور انڈیا سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتے ہیں تو دونوں روایتی حریف ایونٹ میں دوسری مرتبہ 10 ستمبر کو کولمبو میں مدمقابل ہوں گے۔

اگر پاکستان سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو اسے گروپ میں کسی بھی پوزیشن پر ہونے کے باوجود اے ون ٹیم قرار دیا جائے گا۔

اسی طرح اگر انڈیا سپر فور مرحلے میں کوالیفائی کرتا ہے تو اسے گروپ میں کسی بھی پوزیشن پر ہونے کے باوجود اے ٹو ٹیم قرار دیا جائے گا جس کے باعث انڈین ٹیم پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے اور یہ ایونٹ ون ڈے فارمیٹ پر مبنی ہوگا۔ اس کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.