جمائی لینا ایک قدرتی عمل ہے، جمائی لینے سے دماغ تک آکسیجن اور خون پہنچنے سے ذہنی طور پر چوکنا پن بڑھتا ہے اور عام طور پر جمائی آتی بھی اسی وجہ ہے جب ہم ذہنی طور پر سست یا تھکاوٹ کے شکار ہوں۔
جمائی لینا تو معمول کا حصہ ہے مگر بہت زیادہ جمائیاں کسی مخصوص عارضے کا نتیجہ ہوسکتی ہیں لیکن جمائیوں کے کچھ عجیب فائدے بھی ہوتے ہیں، یہ دلچسپ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ کسی فرد کو جماہی لیتے دیکھ کر لوگ خطرات کے حوالے سے زیادہ ہوشیار ہو جاتے ہیں۔
امریکی تحقیق کے مطابق جمائی کو ایک ایسا سگنل سمجھا جاتا ہے کہ ان میں سے ایک فرد تھکاوٹ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے جماہی کو دیکھنے والے کا دماغ خطرات کے لیے زیادہ ہوشیار ہو جاتا ہے اور کسی فرد کو جماہی لیتے دیکھ کر ہمارے دماغ کے اندر تبدیلیاں آتی ہیں اور وہ زیادہ الرٹ ہو جاتا ہے۔تحقیق میں 27 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
بے خوابی یا نیند کے دوران سانس میں رکاوٹ ہونا ایسے عارضے ہیں جو شدید جسمانی تھکاوٹ کا باعث بنتے ہیں اور اس کے شکار لوگ اکثر جمائیاں لیتے نظر آتے ہیں۔کچھ عرصے قبل ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ 55 فیصد افراد تو محض جمائی لفظ کو پڑھ کر ہی جمائی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔